وزیراعظم کی جانب سے پاک افغان سرحد فوری طور پر کھولنے کے احکامات


وزیراعظم کی جانب سے پاک افغان سرحد فوری طور پر کھولنے کے احکامات

وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے پاک افغان سرحد کو فوری طور پر کھولنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے افغان حکومت ان وجوہات کے تدارک کے لئے تمام ضروری اقدامات کرے گی جن کی بناءپر یہ قدم اٹھایا گیا تھا

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان ۔ افغانستان سرحد کو فوری طور پر کھولنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ باوجود اس امر کے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے تانے بانے افغان سرزمین پر موجود پاکستان دشمن عناصر سے جا ملتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان صدیوں کے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی روابط اور تعلق کے پیش نظر سرحدوں کا زیادہ دیر تک بند رہنا عوامی اور معاشی مفادات کے منافی ہے چنانچہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ خیرسگالی کے جذبہ کے تحت یہ سرحدیں فوری طور پر کھول دی جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ جن وجوہات کی بناءپر یہ قدم اٹھایا گیا تھا، اس کے تدارک کے لئے افغانستان حکومت تمام ضروری اقدامات کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بارہا اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان میں امن و سلامتی کے لئے افغانستان میں دیرپا امن ناگزیر ہے اور ہم دونوں ممالک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے افغان حکومت سے تعاون کی پالیسیوں پر عمل درآمد جاری رکھیں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری