شیعہ کا نام غیر مسلموں کے خانے میں لکھنے پر ایک افسر سمیت چار اہلکار معطل


شیعہ کا نام غیر مسلموں کے خانے میں لکھنے پر ایک افسر سمیت چار اہلکار معطل

بنوں میں تحصیل انتظامیہ کی طرف سے اشتہار میں شیعہ کا نام غیر مسلموں کے خانے میں لکھنے پر ایک افسر سمیت چار اہلکاروں کو ان کے عہدوں سے معطل کر دیا گیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق بنوں کے تحصیل ناظم ملک احسان کا کہنا ہے کہ دو دن پہلے ان کے دفتر سے جاری ہونے والے اشتہار میں غلطی کرنے پر میونسپل افسر اور آفس سپرنٹنڈنٹ سمیت چار اہلکاروں کو ان کے عہدوں سے معطل کر دیا گیا ہے۔

معطل ہونے والے افراد میں بنوں ٹی ایم اے کے دو کمپیوٹر آپریٹرز بھی شامل ہیں۔

تحصیل ناظم کے مطابق خاکروب کی اسامی کے لیے ایک اشتہار جاری کیا گیا تھا جس میں مذہب کے خانے میں غیر مسلموں کے ساتھ ساتھ اہل تشیع فرقے کا نام بھی دے دیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں بنوں میں شیعہ علمائے کرام اور عمائدین سے معذرت بھی کی گئی ہے جو ان کے بقول قبول کر لی گئی ہے۔

تحصیل ناظم نے مزید کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے لوکل کونسل بورڈ کے ڈپٹی سیکریٹری کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی بنائی گئی ہے جو آئندہ چند دنوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

یاد رہے کہ دو دن پہلے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے دفتر کی طرف سے چند خالی پوسٹوں پر بھرتیوں کے لیے ایک اشتہار جاری کیا گیا تھا۔

اس اشتہار میں مذہب کا خانہ بھی دیا گیا تھا جس میں واضح طور پر لکھا گیا تھا کہ کس مذہب کے افراد اس اسامی کے لیے درخواستیں دے سکتے ہیں جس میں ہندو، بالمیکی اور عیسائیوں کے ساتھ ساتھ شیعہ بھی لکھ دیا گیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری