مدارس دینیہ کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں، وفاق المدارس الشیعہ

مدارس دینیہ کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں، وفاق المدارس الشیعہ

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی سپریم کونسل کے آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی کی زیر صدارت جامعتہ المنتظر میں ہونے والے اجلاس میں مدارس دینیہ کے خلاف سیکولر لابی کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی سپریم کونسل کے آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی کی زیر صدارت جامعتہ المنتظر میں ہونے والے اجلاس میں مدارس دینیہ کے خلاف سیکولر لابی کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کی ضرورت پر زور دیا گیا اور کہا گیا کہ اتحاد تنظیمات مدارس کے پانچوں وفاق نصاب میں تبدیلی کے لئے تیار ہیں، پہلے نفرت آمیز مواد کی نشاندہی کی جائے۔

اجلاس میںقائد ملت جعفریہ علامہ سیدساجد علی نقوی، علامہ شیخ محسن علی نجفی، علامہ محمد حسین نجفی، علامہ رضی جعفرنقوی، علامہ قاضی نیاز حسین نقوی، علامہ محمد جمعہ اسدی، علامہ محمد افضل حیدری، مولانا فیاض نقوی، مولانا شاہد نقوی، مولانا شبیر حسن میثمی، علامہ رمضان توقیر اور دیگر علما نے شرکت کی۔

اجلاس میں مدارس دینیہ کے مسائل، جدید نصاب کی تدوین اور نظر ثانی، ذرائع ابلاغ کے کردار سمیت دیگر قومی امور زیر بحث لائے گے۔

یہ و اضح کیا گیا ہے کہ مدارس دینیہ قرآن و حدیث کے اسلامی مراکز ہیں، ان کے خلاف سیکولر لابی کے دہشت گردی میںملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ اگر کسی مدرسے کے خلاف ایسی کسی منفی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت ہیں تو متعلقہ وفاق المدارس کی قیادت کو اعتماد میں لے کر مطلوبہ کارروائی کریں، کسی اعتراض کو نہیں ہوگا۔

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ اتحاد تنظیمات مدارس کے پانچوں وفاق نصاب میں تبدیلی کے لئے تیار ہیں، لیکن اس سے پہلے نفرت آمیز مواد کی نشاندہی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فیصلہ نہیں کرسکی کہ مدارس دینیہ سے مربوط ادارہ کونسا ہے۔ وزارت مذہبی امور، وزارت تعلیم، وزارت داخلہ، نیکٹا اور اب قومی سلامتی کے مشیر لیفٹینٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ معاملات کی نگرانی کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مدارس دینیہ نے معاشرے میں اہم کردار ادا کیا ہے، پانچوں مدارس کو تعلیمی بورڈز کا درجہ دیا جائے۔

علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا کہ تحصیل میونسپل کمیٹی بنوں کے گستاخانہ اشتہار کی ذمہ دارصوبائی حکومت ہے، ذمہ داروں کی صرف معطلی کافی نہیں، انہیں ملازمتوں سے برخاست کرکے توہین مذہب کا مقدمہ درج کرکے سزا دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی ادارے نفرت پھیلانے والے مخصوص مدارس سے آگاہ ہیں، ہر مدرسے پر الزام عائد نہ کیا جائے۔ وفاق المدارس الشیعہ سے ملحقہ مدارس کی جنرل کونسل کے اجلاس میں اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور وفاق المدارس کی ترقی کے لئے اقدامات پر مشاورت کی گئی۔

مختلف قراردادوں کی منظوری دیتے ہوئے وفاق المدارس الشیعہ کے اجلاس میںاتحاد بین المسلمین کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے ولی امرالمسلمین حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے فتوے کی تائید و حمایت کا اعلان کیا گیا جس میں انہوں نے ازواج مطہرات رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی توہین کو خود حضرت محمد مصطفی کی توہین قرار دیا ہے اور اہل سنت کے شعائر کی توہین کو حرام قراردیا ہے۔

اس حوالے سے ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے اتحاد امت کے لئے جاری کاوشوں کو بھی قابل تحسین قرار دیا گیا۔ نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں شعائر تشیع پر قدغن لگانے کی مذمت کرتے ہوئے فورتھ شیڈول کو واپس لے کر اسے صرف دہشت گردوں کے خلاف استعمال کرنے اور علما اور پرامن شہریوں کے نام بدنام شیڈول سے نکالنے کا مطالبہ کیا گیا۔

آپریشن ردا لفساد کی حمایت کرتے ہوئے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی آڑ میں مجالس عزا کو بند کرنے کی مذمت کرتے ہوئے قرار دیا گیا کہ عزاداری سید الشہدا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ جس پر کوئی قدغن قبول نہیں کریں گے۔

اجلاس میں گلگت بلتستان کوملک کا پانچویں آئینی صوبہ بنانے کی سفارشات اور فاٹا کو صوبہ خیبر پختونخواہ میں شامل کرنے کا خیر مقدم کیا گیا۔

اجلاس میں تحریک جعفریہ پاکستان کی سپریم کورٹ کے 18 نومبر 2014ءکے فیصلے کی روشنی میں بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ ناانصافی پر مبنی بیلنس پالیسی کو ختم کرکے پرامن جماعت کی بحالی کا فی الفور نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے۔

نیز جامعہ المنتظر کی دو روزہ 63 سالہ تقریبات کا آغاز محسن ملت علامہ صفدر حسین نجفی اور شیخ الجامعہ علامہ اختر عباس کی مرقد مبارکہ پر پھولوں کی چادر چڑھا کر آغاز کیا گیا جو 23 مارچ کو اختتام پذیر ہوں گی۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری