ملک بھر میں 77 واں یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے


ملک بھر میں 77 واں یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں 77 واں یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں خصوصی تقاریب کا سلسلہ جاری ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ملک بھر میں اس عزم کی تجدید کے ساتھ تقریبات ترتیب دی گئیں ہیں کہ انتہا پسند اور دہشت گرد قوتوں کوشکست دے کر ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے پوری لگن سے کام کیا جائے گا۔

یوم پاکستان کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد مسجدوں میں ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور امن کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔

آج ملک بھر عام تعطیل ہے،جب کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں اس حوالے سے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔

یوم پاکستان کے موقع پر اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

آج سے 77 سال قبل 1940ء کو اس دن لاہور کے منٹوپارک میں مسلم لیگ کے اجتماع میں تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی جس کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔

اسلام آباد میں یوم پاکستان کی پر وقار تقریب اور فوجی پریڈ

وفاقی دارالحکومت میں شکر پڑیاں کے مقام پر شاندار فوجی پریڈ جاری ہے، پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

فوجی پریڈ کی تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،سمیت دیگر مسلح افواج کے سربران، وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت اراکین پارلیمان اور دیگر رہنما اور مہمان شریک ہیں۔

فوجی پریڈ کی مرکزی تقریب میں سب سے پہلے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پہنچے، جنہوں نے دیگر مہمانوں کے ساتھ وزیر اعظم نواز شریف کا استقبال کیا۔

خصوصی فوجی پریڈ میں سعودی عرب، ترکی اور چین کے دستوں سمیت رینجرز،پولیس اور لیڈی اہلکار بھی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گی، جب کہ چاروں صوبے کے ثقافتی دستے بھی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔

پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین صدارتی بَگھی پر پریڈ گراؤنڈ پہنچے، جہاں وزیر اعظم اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے ان کا استقبال کیا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جس کے بعد صدر ممنون حسین نے جیپ میں سوار ہوکر مسلح افواج کے دستوں کا معائنہ کیا۔

ایئر چیف مارشل سہیل امان نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین کو سلامی دی۔

سہیل امان نے ایف 16 طیارہ میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

ایئر چیف مارشل کی جانب فلائی پاسٹ کے بعد پاک فضائیہ کے جے ایف تھنڈر طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا

صدر مملکت نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک سے پر امن دوستانہ تعلقات چاہتا ہے، مگر بھارت کی جارحیت نے خطے کے امن کو داؤ پر لگادیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ خطے میں امن اور ترقی کے لیے مذاکرات کے لیے تیار ہے، مگر ساتھ ہی پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان گزشتہ کئی سال سے دہشت گردی کے خلاف لڑ رہا ہے، پاک فوج اور عسکری و سیکیورٹی اداروں کی کوششوں سے امن کا قیام ممکن ہوا۔

صدر نے کہا کہ پاکستان معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے، ہمارا مقصد علاقائی اور عالمی امن کو یقینی بنانا ہے۔

صدر مملکت نے یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت پر چین، ترکی اور سعودی عرب کے فوجی دستوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک کی جانب سے فوجی دستوں کو بھیجنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

چین اور سعودی عرب کے دستوں کی سلامی

فوجی پریڈ میں سعودی عرب اور چین کے چاک و چوبند فوجی دستوں نے بھی سلامی دی۔

سب سے پہلے سعودی عرب کے فوجی دستے نے سلامی دی، جس کے بعد چین کے فوجی بینڈ نے پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، چینی قافلے میں بری و فضائی فوج کے اہلکار بھی شامل تھے۔

فوجی پریڈ میں چین اور سعودی عرب کی فوج کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں ترکی کے فوجی بینڈ ’مہتر‘ نے بھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، ترکی کے بینڈ نے اپنے روایتی لباس اور سازوں کے ساتھ سلامی دی۔

ترکی کے مہتر فوجی بینڈ کی بنیادی 1299 میں رکھی گئی تھی، اس بینڈ کا شمار دنیا کے قدیم ترین بینڈز میں ہوتا ہے۔

ترک بینڈ نے ’جیوے جیوے پاکستان‘ کی دھن پر پرفارمنس کی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری