آپریشن ردالفساد سے دہشتگردی کا سرہمیشہ کیلئے کچل دیا جائیگا، صدر ممنون حسین


آپریشن ردالفساد سے دہشتگردی کا سرہمیشہ کیلئے کچل دیا جائیگا، صدر ممنون حسین

صدر مملکت ممنون حسین نے یوم پاکستان کی پریڈ سے اپنے خطاب کے آغاز میں پوری پاکستانی قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی اور واضح کیا کہ ہر پاکستانی آپریشن ردالفساد کا سپاہی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان کے صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابل تسخیر ہے، پاکستان کی عسکری اور ایٹمی قوت علاقائی امن کی ضمانت ہے، ہم تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ امن، دوستی اور بھائی چارہ چاہتے ہیں، بھارت کے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل، لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی مسلسل خلاف ورزیوں نے خطے کے امن کو داؤ پر لگادیا ہے، بھارت سے مذاکرات کے لئے تیار ہیں، اس کے لئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ضروری ہے کیونکہ یہ برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔

صدر پاکستان شکر پڑیاں اسلام آباد میں پریڈ گراؤنڈ پر یوم پاکستان پریڈ سے خطاب کررہے تھے جہاں وزیراعظم نواز شریف، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور اعلیٰ عسکری قیادت موجود تھی۔

صدر پاکستان نے اپنے خطاب کے آغاز میں پوری پاکستانی قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی اور واضح کیا کہ ہر پاکستانی آپریشن ردالفساد کا سپاہی ہے۔ صدر نے کہا کہ یوم پاکستان پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ دن قوم کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔ قائد اعظم کی جمہوری جدوجہد سے قوم کو واضح نظریاتی شناخت ملی۔ قیام پاکستان اور استحکام پاکستان کے لئے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ آج پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابل تسخیر ہے۔ ہمارا مقصد عالمی اور علاقائی امن کو یقینی بنانا ہے۔ پوری دنیا اور ہمسائیوں کے ساتھ امن چاہتے ہیں۔

ممنون حسین نے مزید کہا کہ بھارت کی طرف سے مسلسل ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزیوں نے امن کو داؤ پر لگا دیا۔ بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار ہے۔ پاکستان کشمیری بھائیوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔ دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج نے کردار ادا کیا۔ آپریشن ضرب عضب کے بعد آپریشن ردالفساد کے تحت دہشت گردوں کا خاتمہ کریں گے۔ پاکستانی قوم نے جذبے کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیا۔ پاکستان اقتصادی طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبے سے خطے کو ترقی اور خوشحالی حاصل ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی فوج نے بیرون ملک اس سے پہلے کسی پریڈ میں شرکت نہیں کی۔ عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے دستے کی شرکت پر خوشی ہے۔ پریڈ میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی بھی شامل ہے۔ بہادر جوان اسی جذبے سے قوم کی حفاظت کرتے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری