کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں؛ پاکستان نے امریکی رپورٹ مسترد کردی


کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں؛ پاکستان نے امریکی رپورٹ مسترد کردی

ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کی انسانی حقوق سے متعلق رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بھارتی خلاف ورزیوں کا کوئی ذکرنہیں اس لئے پاکستان اس رپورٹ کو تسلیم نہیں کرتا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وارپریس بریفنگ کے دوران نفیس زکریا نے کہا کہ پوری قوم نے گزشتہ روزیوم پاکستان ملی جوش و جذبہ سے منایا، پاکستان کے دوست ممالک بھی اس خوشی میں شامل ہوئے، یوم پاکستان پریڈ کے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے بھارت نے 30 حریت رہنماؤں کو گرفتار اور نظربند کیا، حریت رہنماؤں کو پاکستانی ہائی کمیشن میں تقریب میں شرکت کرنا تھی لیکن گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے عوام نے قومی ترانہ پڑھ کر اپنی رائے کا اظہار کردیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں 131 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا، پاکستان کو نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر تشویش ہے اور اس کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

افغانستان کے حوالے سے دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ سرحد جذبہ خیرسگالی کے تحت کھولی، افغانستان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بارڈر مینجمنٹ کے لیے تعاون کرے، پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے کوششیں جاری رکھے گا، ماسکو میں افغانستان کے حوالے سے کانفرنس میں پاکستان شرکت کرے گا تاہم پاکستان کس سطح پر شریک ہوگا اس کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ اس کانفرنس میں افغان طالبان شریک ہوں گے یا نہیں اس کا انہیں علم نہیں۔

ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ کا کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے حوالے سے جاری امریکی رپورٹ کے بارے میں کہنا تھا کہ امریکی محکمہ خارجہ کی انسانی حقوق سے متعلق رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بھارتی خلاف ورزیوں کا کوئی ذکرنہیں اس لئے پاکستان اس رپورٹ کو تسلیم نہیں کرتا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری