پی ٹی آئی کی راحیل شریف کے فوجی اتحاد میں بطورسربراہ شمولیت کی مخالفت


پی ٹی آئی کی راحیل شریف کے فوجی اتحاد میں بطورسربراہ شمولیت کی مخالفت

پاکستان تحریک انصاف نے سابق آرمی چیف راحیل شریف کے فوجی اتحاد میں بطورسربراہ شمولیت کی مخالفت کردی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سابق آرمی چیف راحیل شریف کو حکومت کی جانب سے سعودیہ عرب میں بننے والے اسلامی فوجی اتحاد کی سربراہی کے لیے این او سی جا ری کردیا ہے تاہم تحریک انصاف نے اس کی مخالفت کر دی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے کہا کہ اسلامی فوج کی سربراہی کا فیصلہ پارلیمنٹ کی قراردادوں کے منافی ہے اس لیے حکومت کا راحیل شریف کواجازت نامہ دینا قرارداد کی نفی ہوگا۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ یمن تنازع میں پارلیمنٹ کا مشترکہ فیصلہ تھا کہ پاکستان اس قسم کی کسی بھی سرگرمی میں غیرجانبداررہے گا تاہم اب اطلاعات ہیں کہ سابق آرمی چیف اسلامی ممالک کی فوجی اتحاد کے بہ طور سربراہ خدمات دینے جا رہے ہیں اور حکومت نے این او سی بھی جاری کردیا ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان مسلم ممالک کے کسی فوجی اتحاد میں شامل ہونے کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے اور جس کی پارلیمنٹ نے اجازت نہیں دی تھی اورکابینہ ارکان بھی اسلامی فوجی اتحادکےمعاملے پرمتفق نہیں ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے بھی خبردار کیا ہے کہ اتحادی فوج کی سربراہی راحیل شریف کو متنازع بنا دے گی۔

جبکہ چند روز قبل سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ راحیل شریف کو اتحادی فوج کی سربراہی بہت سوچ سمجھ کر قبول کرنی چاہیئے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری