شاہینوں کا سیریز میں فاتحانہ آغاز، کالی آندھی کی ایک نہ چلنے دی


شاہینوں کا سیریز میں فاتحانہ آغاز، کالی آندھی کی ایک نہ چلنے دی

ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان جاری 4 ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹ سے شکست دے دی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان جاری 4 ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو باآسانی ہرا دیا۔

پاکستان نے 112 رنز کا ہدف 17 اعشاریہ 1 اوور میں پورا کر کے سیریز کا پہلا میچ اپنے نام کر لیا۔

میچ میں کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں ویسٹ انڈیز صرف  111رنز ہی بنا سکی۔

ٹیم کی جانب سے ویسٹ انڈیز کپتان کارلوس براتھویٹ 34 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔

پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے پاکستان سپر لیگ سے شہرت حاصل کرنے والے شاداب خان کو ٹی ٹوئنٹی کیپ دی، جنہیں اپنی اعلی کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان بولرز کی جانب سے شاداب خان نے 4اوورز میں محض 7 رنز کے عوض 3 وکٹ حاصل کیں۔

عماد وسیم، حسن علی، وہاب ریاض اور سہیل تنویر نے 1،1 وکٹ لیں۔

ویسٹ انڈیز کے 112 رنز کےہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے بیٹسمین اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے ۔ صرف 49 کے اسکور پر پاکستان کے 3 بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔

تاہم ہدف کم ہونے کے باعث پاکستانی بیٹسمین نے سیریز کا پہلا میچ باآسانی اپنے نام کر لیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے شعیب ملک 38 ، بابر اعظم29 اور کامران اکمل 22 رنز کے اسکور کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔

کالی آندھی کے بولرز کی جانب سے جیسن ہولڈرنے 2، سیموئل بدری اور کارلوس براتھویٹ نے 1،1 وکٹ حاصل کیے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا اگلا ٹی20 میچ 30 مارچ کو پورٹ آف اسپین میں کھیلا جائے گا۔

اس میچ میں کامیابی کے ساتھ قومی ٹیم نے 0-1 کی برتری بھی حاصل کرلی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری