سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف آئندہ ماہ اسلامی اتحادی فورسز کی کمان سنبھالیں گے


سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف آئندہ ماہ اسلامی اتحادی فورسز کی کمان سنبھالیں گے

سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف آئندہ ماہ میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے سعودی عرب کی سربراہی میں قائم ہونے والے 39 اسلامی ممالک کی اتحادی فوج کے سربراہ کا عہدہ سنبھالیں گے جسے مسلم نیٹو کا نام دیا جارہا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سابق جنرل کے قریبی ساتھی اور دفاعی تجزیہ نگار میجر جنرل (ر) اعجاز اعوان نے بتایا کہ مذکورہ معاملے پر سعودی عرب اور پاکستانی حکومت کے درمیان اتفاق رائے قائم ہوگیا ہے جس کے بعد حکومت نے جنرل (ر) راحیل شریف کو اتحاد میں شمولیت کیلئے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ جاری کردیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ سابق آرمی چیف مئی میں پہلے سے طے شدہ اتحادی ممالک کے وزراء دفاع کے اجلاس کے موقع پر حلف اٹھا سکتے ہیں۔

اس اجلاس میں فورسز کے ڈھانچے، اتحادی ممالک کے اہلکاروں کی تعداد اور دیگر امور کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے خبردار کیا ہے کہ اتحادی فوج کی سربراہی راحیل شریف کو متنازع بنا دے گی اور اس سے ان کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

جبکہ چند روز قبل سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ راحیل شریف کو اتحادی فوج کی سربراہی بہت سوچ سمجھ کر قبول کرنی چاہیئے۔

دوسری جانب کل پاکستان تحریک انصاف نے بھی سابق آرمی چیف راحیل شریف کے فوجی اتحاد میں بطورسربراہ شمولیت کی مخالفت کردی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری