امت کو سیدہ خاتون جنت سلام اللہ علیہا کے نام پر متحد ہونا چاہیے

امت کو سیدہ خاتون جنت سلام اللہ علیہا کے نام پر متحد ہونا چاہیے

جماعت اہل حرم پاکستان کے زیر اہتمام چوتھی سالانہ ’’خاتون جنت سلام اللہ علیہا کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا کہ ہمیں کسی نے اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا شیعہ سنی کے نام پر لڑائی اور قتل و غارت نے پہنچایا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جماعت اہل حرم پاکستان کے زیر اہتمام چوتھی سالانہ ’’خاتون جنت سلام اللہ علیہا کانفرنس ‘‘ منعقد بمقام جامعہ نعیمیہ اسلام آباد سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ ڈاکٹر نور الحق قادری نے مسلمانوں میں اتحاد اور اخوت کی ضرورت پر زور دیا۔۔

انہوں نے کہا کہ خاتون جنت سلام اللہ علیہا کے عنوان پر سب مکاتب فکر کے علماء کو اکٹھا کرنا بہت ہی باعث سعادت ہے اور یہ امت کے اتحاد کی علامت ہے۔

ہمیں سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا کی نسبت کے عنوان کے تحت امت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے۔

میں مراد آباد سے لے کر اسلام آباد تک تمام نعیمیوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور جامعہ نعیمیہ اسلام آباد کے فارغ التحصیل فضلاء کو بھی ہدیہ تبریک پیش کرتا ہوں۔

خاتون جنت کانفرنس کے میزبان اور جماعت اہل حرم کے صدر مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا کہ یورپ نے معزز خواتین کو سائن بورڈز کی زینت بنا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بنت رسول سلام اللہ علیہا کا کردار خواتین سے چھین لیا گیا ہے امت مسلمہ قائدین سے خالی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے باپردہ گھر میں رہ کر زندگی گزاری لیکن امت کو امام حسن علیہ السلام اور امام حسین علیہ السلام جیسی عظیم ہستیاں عطا فرمائیں۔ انہوں نے کہا کہ جسے رسول صلی علیہ وآلہ وسلم نے بیٹی کہا ہے وہی ماں بھی ہیں۔

اس موقع پر امت واحدۃ کے مرکزی راہنما علامہ امین شہیدی نے کہا کہ اس شہر میں بی بی سیدہ سلام اللہ علیہا کا دن منانے کی توفیق ہر کسی کو نہیں ہوتی۔

مفتی گلزار احمد نعیمی نے ہر سال یہ کانفرنس منعقد کرکے سعادت حاصل کی ہے اور وہ اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے علما کو اکٹھا کرتے ہیں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید ضیا اللہ شاہ بخاری امیر متحدہ جمیعت اہل حدیث نے کہا کہ جو لمحات اور گھڑیاں اہل بیت علیہ السلام کی یاد میں گزرتی ہیں وہ میری زندگی کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جسے رسول صلی علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہو اور بی بی سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا سے نہ ہو میں ایسی محبت کو نہیں مانتا جو صحابہ رضی اللہ تعالی سے پیار کا دعویٰ کرے اور خاتون جنت سلام اللہ علیہا سے محبت نہ کرے وہ صحابہ رضی اللہ تعالی کے پیار میں جھوٹا ہے۔

اس موقع پر پاکپتن سے تشریف لائے ہوئے ڈاکٹر مفتی زاہد اسدی نے کہا کہ مفتی گلزار نعیمی امت کا جو حق ہے وہ ادا کررہے ہیں امت کو یکجا کررہے ہیں اور یہی سب پر فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اہل بیت علیہ السلام کو ساری انسانیت کے لیے رشد و ہدایت کا منبع سمجھتے ہیں۔

کانفرنس خاتون جنت سلام اللہ علیہا سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر نے کہا کہ میں اس موقع پر مفتی گلزار احمد نعیمی کو اس چار سالہ کانفرنس پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا  کی ولادت کے دن کو یوم خواتین کے طور پر منانا چاہیے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر غلام رسول اویسی نے کہا کہ خاتون جنت سلام اللہ علیہا، جنت کی خواتین کی سردار ہیں اور رسالت مآب صلی علیہ و آلہ وسلم  کو آپ سے زیادہ کوئی محبوب نہیں تھا لیکن بہت ہی قابل افسوس امر یہ ہے کہ امت کو خاتون جنت سلام اللہ علیہا کے فیوض و برکات کے حاصل کرنے سے روک دیا گیا اور بی بی سیدہ سلام اللہ علیہا کا مزار مبارک ہماری نظروں سے اوجھل کردیا گیا ہے۔

کانفرنس میں سبوخ سید، مولانا محمد اکرم چشتی، مولانا محمد ساجد مکی، مولانا محمد نعیم نعیمی، علامہ حبیب اللہ چشتی، مولانا قاری محمد اسحاق نورانی، مولانا محمد اقبال چشتی، مولانا محمد فاروق قادری، میجر (ر) سہیل عالم صابری، مولانا غلام یسین چشتی ،مولانا محمد سلیم بٹگرامی، مولانا محمد مقصود احمد نعیمی، مولانا وسیم اعجاز نعیمی،مولانا قاری محمد انور نعیمی کے علاوہ کثیر تعداد میں علمائے کرام اور عوام الناس نے شرکت کی۔

کانفرنس میں جامعہ نعیمیہ اسلام آباد سے فارغ التحصیل فضلاء کی دستار بندی کی گئی اور اسناد بھی عطا کی گئیں۔

آخر میں پیر عبید احمد ستی نے دعا کرائی جبکہ کانفرنس کی نظامت صاحبزادہ کاشف گلزار احمد نعیمی نے کی۔

 

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری