موصل کے دائیں کنارے کے کئی علاقے داعش سے آزاد کرالئے گئے


موصل کے دائیں کنارے کے کئی علاقے داعش سے آزاد کرالئے گئے

عراقی فوج اور رضاکار فورسز نے موصل کے دائیں جانب کے کئی علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج اور عوامی رضا کار فورسز نے موصل کے دائیں جانب داعش کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد علاقوں کو داعشی تکفیری دہشت گردوں سے مکمل طور پر آزاد کرا لیا ہے۔

تکفیری داعشی دہشت گردوں نے اتوار کے روز النبی یونس نامی علاقے پر حملہ کرکے متعدد نہتے شہریوں کو خاک وخون میں غلطاں کیا تھا تاہم عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے دہشت گردانہ حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے وادی‌ العین  اور رجم الحدید نامی علاقوں کو آزاد کرالیا ہے۔

عراقی فضائیہ نے داعش کے کئی ٹھکانوں پر بمباری کرکے داعش کے سرغنہ ابوثابت الانصاری سمیت 14 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے موصل میں داعش کے بم بنانے والے ایک بڑے کارخانے پربھی  قبضہ کرلیا ہے۔

 حشد الشعبی کے کمانڈر عبدالامیر رشید یارالله کا کہنا ہے کہ فوج اور عوامی رضاکار فورسز کی کاروائیوں میں موصل کے اطراف کے 175 علاقے اور دیہات تکفیری دہشت گردوں کی چنگل سے آزاد کرالئے گئے ہیں۔

ادھر عراق کی رضاکار فورسز نے تلعفر کا محاصرہ کرلیا ہے جبکہ شہر میں عراقی حکومت کے حکم سے فوج بھی داخل ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ تلعفر میں داعشیوں کا محاصرہ مکمل ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ موصل بغداد کے بعد عراق کا دوسرا بڑا شہر ہے جس پر داعش نے قبضہ کرلیا تھا تاہم عراقی فوج نے موصل کے اکثر علاقوں کو دہشت گردوں سے آزاد کرالیا ہے۔

موصل آپریشن میں عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورسز کے ہزاروں جوان حصہ لے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے  (پیر 17 اکتوبر2016) کو موصل شہر کی دہشت گرد گروہ داعش سے آزادی کے لئے وسیع پیمانے پر کاروائیوں کے آغاز کی خبر دی تھی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری