شیخوپورہ: شالیمار ایکسپریس کو حادثہ، ڈرائیورسمیت 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی


شیخوپورہ: شالیمار ایکسپریس کو حادثہ، ڈرائیورسمیت 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس سے شیخوپورہ میں ہرن مینار کے قریب آئل ٹینکر ٹکرا گیا، حادثے میں ٹرین ڈرائیور سمیت دو افراد جاں بحق اور10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس سے شیخوپورہ میں ہرن مینار کے قریب آئل ٹینکر ٹکرا گیا جس کے بعد 5بوگیوں میں آگ بھڑک اٹھی، حادثے میں ٹرین ڈرائیور سمیت دو افراد جاں بحق اور10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مسافروں نے بوگیوں سے چھلانگیں لگا کر جانیں بچا ئیں جبکہ آئل ٹینکر کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ٹرین پھاٹک کے قریب پہنچ چکی تھی اور اہلکار پھاٹک بند کر رہاتھا۔

پھاٹک کا ایک دروزاہ بند ہو گیا تھا جبکہ دوسرا کھلا تھا اور ٹینکر کے ڈرائیور نے زبردستی گزرنے کی کوشش کی اور وہ پٹری پر پہنچ گیا اور پھاٹک کی نگرانی کرنے والے اہلکار کے ساتھ بحث کرنا شروع کر دی۔

ٹینکر کے ڈرائیور نے دوسری جانب پھاٹک کا گیٹ کھولنے کا مطالبہ کیا جبکہ ریلوے اہلکار نے اسے خبردار کیا کہ ٹرین قریب پہنچ گئی ہے ٹینکر کو پیچھے ہٹا لو لیکن اس نے اس کی بات نہیں مانی اور اتنی دیر میں ٹرین پھاٹک پر آن پہنچی اور حادثہ پیش آ گیا۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے واقعے کو نہایت افسوسناک قرار دیا اور کہا ہے کہ ٹرک ڈرائیور جلد بازی نہ کرتاتو حادثہ نہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ امدادی اداروں نے بروقت پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں جس سے مسافروں کی جانیں بچالی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے پھاٹک کا نیا نظام لارہے ہیں جس میں کچھ وقت لگے گا۔

دوسری جانب پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے  ٹرین کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری