مذہب حقہ کو مسخ کر کے پیش کرنے کی سازش کے خلاف 12 رکنی کمیٹی کی تشکیل


مذہب حقہ کو مسخ کر کے پیش کرنے کی سازش کے خلاف 12 رکنی کمیٹی کی تشکیل

آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی، قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی اور علامہ شیخ محسن نجفی کی نگرانی میں 12 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جوعقائد کو مسخ کرکے پیش کرنے کی قبیح سازشوں روکنے کے لئے اقدامات تجویز کرے گی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جامعتہ المنتظر میں منعقدہ اجلاس میں آیت اللہ حافظ ریاض نجفی، علامہ ساجد نقوی، علامہ شیخ محسن نجفی کی نگرانی میں مذہب حقہ کو مسخ کر کے پیش کرنے کی سازش کے خلاف 12 رکنی کمیٹی کی تشکیل دی گئی ہے۔

 جامعتہ المنتظر میں منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شرپسند خطیب، بھٹکے نام نہاد ذاکرین بیرونی ایجنڈے کے تحت تشیع کو بدنام کررہے ہیں، جس کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

خود ساختہ عقائد مذہب حقہ کی توہین،اسلام کی نفی کے مترادف ہے جو کسی صورت قابل برداشت نہیں ہے۔

شیعہ علماء نے مفسر قرآن علامہ محسن علی نجفی کی زیر صدارت اجلاس میں کچھ عناصر کی طرف سے عقائد تشیع کو مسخ کرکے پیش کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان سے اظہار بیزاری کیا اور عوام پر زوردیا کہ وہ اہل علم سے مربوط ہوکر مدارس دینیہ کو مضبوط بنائیں۔

جامعتہ المنتظر میں ہونے والے اس اجلاس میں علامہ محمد حسین نجفی، علامہ قاضی نیاز حسین نقوی، علامہ محمد جمعہ اسدی، علامہ محمد افضل حیدری اور ملک بھر سے دیگر بزرگ علما نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس میں توحید و رسالت اور دیگر مسلمہ عقائد کو مسخ کرکے پیش کرنے والوں کو متنبہ کیا گیا کہ وہ تشیع کے عقائد کی درستگی اور تشریح کے لئے ذمہ دار علما سے رجوع کریں اورمکتب اہل بیت کی بدنامی کا باعث نہ بنیں۔

اجلاس میں نام نہاد عناصر کی طرف سے منبر حسینی کے غلط استعمال اور سادہ عوام کو اسلام کے نگران مجتہدین اورمراجع تقلید کے خلاف اکسانے پربھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ شرپسند خطیب اور چند بھٹکے ہوئے نام نہاد ذاکرین بیرونی ایجنڈے کے تحت تشیع کو بدنام کررہے ہیں اور ایسے عقائد کو مسخ کرکے خود ساختہ انداز سے پیش کررہے ہیں، جن کا اسلام، پیغمبر اکرم صلی علیہ وآلہ وسلم اور ان کے برحق جانشینوں علیہ السلام کی تعلیمات اور عقائد تشیع سے کوئی تعلق نہیں۔

عقائد تشیع وہی ہیں جو قرآن الحکیم اور اہل بیت محمد علیہ السلام  کی تعلیمات میں پیش کردہ ہیں۔

خود ساختہ عقائد مذہب حقہ کی توہین اور اسلام کی نفی کے مترادف ہے، جس کی نیم خواندہ مقررین اور چندنام نہاد ذاکرین کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔

اجلاس سے خطاب میں اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے تشیع کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والے بے بنیاد پراپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ تشیع اسلام کی بہترین تعبیر کا نام اور کھلی کتاب ہے، جس کا شر ک اور غلو سے کوئی تعلق نہیں۔

ہم شیعہ ہیں، نصیری نہیں۔ ملی وحدت کو نقصان پہنچائے بغیر عقائد تشیع کو مسخ کرنے کے خلاف منظم مہم چلائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی شیعہ کے خلاف ہونے والی سازشوں کا اتحاد امت کے ذریعے مقابلہ کیا اور اب بھی کریں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری