پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ون ڈے آج کھیلا جائے گا


پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ون ڈے آج کھیلا جائے گا

گرین شرٹس ایک روزہ کرکٹ میں سرفراز احمد کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کا سامنا کریں گے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان 3 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا۔

گیانا نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

گرین شرٹس ایک روزہ کرکٹ میں سرفراز احمد کی قیادت میں نئے سفر کا آغاز کریں گے جب کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں دبنگ انٹری کے بعد شاداب خان 50 اوورز کی کرکٹ میں بھی مرکز نگاہ ہوں گے اور حسن علی سے بھی توقعات وابستہ ہیں۔

آخری مرتبہ کیریبیئن جزائر میں دونوں ٹیموں کا مقابلہ اس طرز میں 2013 میں ہوا تھا جس میں کئی دلچسپ معرکے ہوئے اور ان میں ایک ٹائی میچ بھی شامل تھا۔ ویسٹ انڈین ٹیم جولائی 2012 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈز پر کامیابی کے بعد بنگلہ دیش، زمبابوے اور آئرلینڈ کو چھوڑ کر باقی کسی بھی ٹیم سے باہمی سیریز نہیں جیت پائی، اسی لیے گرین شرٹس اس سیریز میں فیورٹ کی حیثیت سے قدم رکھ رہے ہیں۔

دونوں ہی ٹیموں کو ورلڈ کپ 2019 میں براہ راست انٹری کیلیے اپنی رینکنگ بہتر بنانے کی ضرورت ہے، اس وقت پاکستان آٹھویں اور میزبان ٹیم نویں نمبر پر موجود ہے۔ یہ فل ٹائم ون ڈے کپتان مقرر ہونے کے بعد سرفراز احمد کی پہلی سیریز ہوگی، وہ اس سے قبل ٹوئنٹی 20 میں کامیابی سے اپنے قائدانہ کیریئر کا آغاز کرچکے، اب انھیں ایک روزہ کرکٹ میں بھی پاکستان ٹیم کو جدید کرکٹ کی ضروریات کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔

سرفرازکو نوجوان کھلاڑیوں کا ساتھ بھی حاصل ہے جس میں شاداب خان نمایاں ہیں، انھوں نے ٹی 20 سیریز میں 10 وکٹوں سے اپنی صلاحیت ثابت کی، اسی طرح حسن علی سے بھی کافی توقعات وابستہ ہیں۔ ٹوئنٹی 20 کے بعد کامران اکمل کی اب ون ڈے ٹیم میں واپسی ہوگی، انھوں نے اگرچہ ڈومیسٹک سطح پر بڑی اننگز کھیل کر سلیکٹرز کو اپنے انتخاب کیلیے مجبور کیا مگر ٹوئنٹی 20 سیریز میں قابل ذکر پرفارم نہیں کرپائے،اس  بار موقع ملنے پانے کی صورت میں ان پر بڑی اننگز کا دباؤ موجود ہوگا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری