سعودی عرب: خوفناک ٹریفک حادثے میں 3 پاکستانی جاں بحق، 25 زخمی

خبر کا کوڈ: 1374842 خدمت: دنیا
سعودی حادثہ

مکہ سے جدہ جانے والی ہائی وے پر ہونے والے اندوہناک حادثے میں پاکستان سے عمرہ کے لیے گئے 3 زائرین جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق یہ سانحہ مکہ سے جدہ جانے والی ہائی وے پر بریمان پل کے مقام پر پیش آیا جہاں زائرین سے بھری بس ایک تیز رفتار ٹرک سے ٹکرا گئی۔

سعودی ہلالِ احمر سوسائٹی (جدہ) کے ترجمان عبداللہ ابو زید کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو سعودی ریسکیو ایمبولینسز کے ذریعے جدہ کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستانی سفارت خانے کو تاحال واقعے کی تفصیلات موصول نہیں ہوسکی ہیں لہذا وہ فی الحال جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے بارے میں کچھ بھی بتانے سے قاصر ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی سڑکوں پر اکثر خوفناک حادثات پیش آتے رہتے ہیں جس میں قیمتی جانوں کا ضیاع معمول کی بات ہے۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری