شاہینوں کی فتح کا سلسلہ جاری / میچ بھی جیتا، سیریز بھی

خبر کا کوڈ: 1376768 خدمت: پاکستان
کرکٹ

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں 6وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2سے جیت لی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان شائقین کرکٹ کے چہرے یک بار پھر کھل اٹھے جب شعیب ملک کی سینچری اور محمد حفیظ کی 81 رنز کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ون ڈے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 234 رنز کا ہدف دیا تھا، ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائی ہوپ نے سب سے زیادہ 71رنز جبکہ جیسن محمد نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بیٹنگ کی اور 59رنز بنائے۔

پاکستان نے234 رنز کا ہدف 44ویں اوور میں پا لیا۔

شعیب ملک نے اس میچ میں شاندار بیٹنگ کی اور 101 رنز بنائے، جس میں 2 چھکے اور 10 چوکے شامل ہیں ۔

میچ میں اس وقت ایک ڈرامائی کیفیت پیدا ہو گئی تھی جب شعیب ملک سینچری سے 5 رنز دور تھے جبکہ پاکستان کو جیت کیلئے 4 رنز درکار تھے لیکن شعیب ملک نے چھکا لگا کر سینچری مکمل کرتے ہوئے قومی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

وہ مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار پائے۔

واضح رہے کہ اس جیت کے ساتھ ساتھ پاکستان نے 3 ون ڈے میچز کی سیریز بھی 1-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔

    تازہ ترین خبریں