شہر قائد میں گرمی کی شدت برقرار، درجہ حرارت 45 تک پہنچنے کا امکان


شہر قائد میں گرمی کی شدت برقرار، درجہ حرارت 45 تک پہنچنے کا امکان

کراچی میں گرمی کی شدت مزید کل تک برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ شدید گرمی اور کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث شہری گرمی سے بلبلا اٹھے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق کراچی والوں کو خبردار کر دیا گیا کہ گرمی پھر اس بار ٹوٹ کر پڑے گی۔

کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہونے سے میدانی علاقوں سے آنے والے ہوا کے گرم تھپیڑوں سے مسلسل تیسرے روز درجہ حرارت 40 سے تجاوز کرگیا ہے، شدید گرمی اور کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔

گرمی کی شدت سے بلبلاتے شہریوں کو پارہ 45 ڈگری سے اوپر پہنچنے کا خوف ستانے لگا ہے۔

تاہم موسم کا حال بتانے والوں نے تسلی دی ہے کہ گرمی کی یہ لہر خطرناک نہیں، جمعہ تک گرمی کی شدت کم ہوجائے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تمام ادارے رابطے میں ہیں، شہریوں کو کسی بھی ممکنہ صورتحال کی پیشگی اطلاع دی جائے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو گرمی میں کم سے کم نکلنے اورحفاظتی تدابیر اختیارکرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ باہر نکلنے کی صورت میں اپنے سر کو اچھی طرح ڈھانپ لیں اس کے ساتھ ساتھ اپنے ہمراہ پانی یا کوئی مشروب بھی رکھیں تاکہ وقفے وقفے سے اس کا استعمال کیا جاسکے۔

محکمے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس بار درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری