شناختی کارڈ کریک ڈاون؛ 174000 منسوخ، ساڑھے 3 لاکھ بلاک


شناختی کارڈ کریک ڈاون؛ 174000 منسوخ، ساڑھے 3 لاکھ بلاک

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے انکشاف کیا ہے کہ 174184 ایسے افراد کے شناختی کارڈز، جن کے بارے میں تصدیق ہوچکی ہے کہ وہ غیر ملکی ہیں، منسوخ کردیئے گئے ہیں جبکہ بلاک کئے گئے ساڑھے 3 لاکھ شناختی کارڈ کے حامل میں سے کم از کم آدھے افراد غیر ملکی ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے شناخت کارڈز کی منسوخی کے بارے میں صحافیوں کو آگاہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ بلاک شدہ شناختی کارڈز کی تعداد 350000 کے قریب ہے اور ان میں تقریبا آدھے یقینی طور پر غیر ملکی ہیں۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کے شناختی کارڈ عارضی طور پر بلاک کیے گئے ہیں انھیں اپنے پاکستانی ہونے کی تصدیق کیلئے ثبوت پیش کرنا ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ وہ دن چلے گئے جب چند ہزار روپے کے عوض پاکستانی شہریت مل جایا کرتی تھی، انھوں نے ساتھ ہی زور دیا کہ کسی غیر ملکی کو کمپیوٹرائز قومی شناختی کارڈ جاری کرنا جرم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی غلطیوں کو درست کرنے کیلئے کی جانے والی کوششوں کو نسلی رنگ نہ دیا جائے اور نشاندہی کی کہ 125000 شناختی کارڈ ایسے افراد کے بھی بلاک کیے گئے ہیں جو پختون نہیں ہیں۔

انھوں نے زور دیا کہ تمام پشتو بولنے والے پاکستانی نہیں ہیں، انھوں نے یہ بھی بتایا کہ 35 لاکھ افغان مہاجرین کو بھی پاکستان کا قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ 3640 غیر ملکیوں نے قانونی کارروائی کے ڈر سے اپنی شہریت خود چھوڑ دی تھی جن میں 3579 افغانی، 58 بنگلہ دیشی، ایک بھارتی، ایک عراقی اور ایک انڈونیشیا کا شہری شامل تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری