پورے پاکستان میں پانامہ ہی پانامہ


پورے پاکستان میں پانامہ ہی پانامہ

تعلیمی اداروں سے دفتروں تک اور چائے کے ڈھابوں سے گھروں تک، آج پورے پاکستان میں فقط ایک ہی موضوع زیر بحث ہے، پانامہ فیصلہ!!!

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق آج 20 اپریل کو وہ گھڑی آن پہنچی ہے جس کا پوری قوم کو بڑی بےصبری سے انتظار تھا۔

اب سے چند ہی گھنٹے بعد پانامہ کا فیصلہ پوری دنیا کے سامنے ہوگا۔

پاکستانی قوم نے اس کیس کو پاکستان کا اہم ترین کیس قرار دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ پاناما کیس کے اہم ترین فیصلے سے قبل سپریم کورٹ میں سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سپریم کورٹ کے اطراف سخت سے سخت سیکورٹی حصار ہے۔

احاطہ عدالت میں پانچ سو سے زائد پولیس اہلکار جبکہ رینجرز کی اضافی نفری باہر الرٹ ہوگی۔

اسی طرح پاناما کیس کا فیصلہ سننے کے لیے عدالت آنے والے اہم سیاسی رہنماؤں کی حفاظت پر چھ سےآٹھ پولیس اہلکار مامور ہوں گے۔

کیس میں فریقین چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو خصوصی سیکورٹی دی جائے گی۔

سخت حفاظتی اقدامات کے تحت خفیہ کیمروں سے کڑی نگرانی کی جائے گی جبکہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی موجود ہیں۔

احاطہ عدالت میں ہر قسم کی نعرے بازی بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

فیصلے کے بعد کسی بھی ممکنہ ردعمل کے تحت ریڈ زون میں سیاسی کارکنوں کا داخلہ روکنے کیلئے سخت ناکہ بندی کی گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان سمیت دنیا کے کئے ممالک میں جواری بھی اپنی کمر کس کے میدان میں اتر آئے ہیں اور ایک محتاط اندازے کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے کروڑوں روپے کا سٹہ لگا چکے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے بھی صوبے بھر میں سیکورٹی سخت کرنے کا حکم دیا ہے۔ کارکنوں کو پُرامن جشن منانےکی اجازت ہو گی لیکن مظاہرے یا راستے بند کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

آئی جی پنجاب کے مطابق کسی کواسلحہ ساتھ لے کر چلنے  یا ہوائی فائرنگ کی اجازت نہیں ہو گی۔

پانامہ کیس کا جو بھی فیصلہ آئے، ہر شخص دعاگو ہے کہ وہ فیصلہ پاکستان کے لئے ایک بہتر مستقبل کا ضامن بنے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری