شیخوپورہ: سی ٹی ڈی کے ہاتھوں جماعت الاحرار کے 8 دہشتگرد اپنے انجام کو پہنچ گئے

خبر کا کوڈ: 1384602 خدمت: پاکستان
سی ٹی ڈی

شیخوپورہ کے علاقے نارنگ منڈی میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے کارروائی کر کے جماعت الاحرار کے 8دہشت گرد وں کو ٹھکانے لگا دیا۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق رات گئے نارنگ منڈی میں سی ٹی ڈی نے سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر پر چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔

جواب میں سی ٹی ڈی کے جوانوں نے فائرنگ کر کے 8دہشت گردوں کو موقع پر ہی ہلاک کردیا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان جماعت الاحرار گروپ سے تھا۔

فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی کے 2اہلکار بھی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے قریبی ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ مقابلے کے دوران 3سے 4دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔

دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلوگرام بارودی مواد کے ساتھ ساتھ خودکش جیکٹس بھی برآمد ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ کالعدم تنظیم جماعت الحرار کے کمانڈر احسان اللہ احسان نے خود کو سیکورٹی فورسز کے حوالے کردیا ہے۔

    تازہ ترین خبریں