پاکستان میں باران رحمت، زحمت بن گئی


پاکستان میں باران رحمت، زحمت بن گئی

ملک بھر میں بارش اور تیز آندھی سے مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے، جبکہ بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ملک میں گرمی کی حالیہ لہر نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا تھا تاہم گذشتہ روز بادل ٹوٹ کے برسے۔

تاہم ایک طرف جہاں بارش کی وجہ سے گرمی کا زور ٹوٹا وہاں شہریوں کو ایک اور مصیبت نے آن گھیرا۔

بارش اور تیز آندھی سے مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

کئی مقامات پرچھتیں، سائن بورڈز، درخت اور کھمبے گرنے کے واقعات بھی پیش آئے جبکہ فیڈر ٹرپ ہونے سے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے جس سے شہری سخت اذیت کا شکار رہے۔

دوسری جانب ہوائی اڈوں سے درجنوں پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں جن سے مسافروں کا پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور میں نوے کلومیٹر فی گھنٹہ سے چلنے والی آندھی اور بارش سے لیسکو کا نظام مفلوج ہوگیا اور ایک سو اسی فیڈر ٹرپ کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق مختلف علاقوں میں کھمبے اور سائن بورڈز گرنے کے واقعات پیش آئے۔

لوئر دیر میں بھی دیوار گرنے کے واقعے میں ایک شہری جاں بحق ہو گیا۔

شاہدرہ میں درخت گرنے سے 32 سالہ بشارت جاں بحق ہو گیا۔

اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مریالی میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون اور بچی جاں بحق ہو گئیں جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔

ڈی آئی خان میں ہی آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

جڑواں شہروں میں بھی آندھی کے باعث سائن بورڈز گرنے کے کئی واقعات ہوئے۔ 

شیخوپورہ کرکٹ سٹیڈیم میں آندھی کے باعث بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں، تاریں گرنے سے گاڑی کو آگ لگ گئی۔ 

فیروز والا میں تیز آندھی سے سائن بورڈ گرنے سے دوافراد زخمی ہو گئے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری