اب میزائل تجربہ کیا تو حملہ کر دیں گے، امریکی دھمکی / راکھ میں ملا دیں گے، شمالی کوریا کا جواب


اب میزائل تجربہ کیا تو حملہ کر دیں گے، امریکی دھمکی / راکھ میں ملا دیں گے، شمالی کوریا کا جواب

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حکم جاری کیا ہے کہ اب اگر شمالی کوریا میزائل کا تجربہ کرے تو پیانگ یانگ پر حملہ کردیا جائے، جس کے ردعمل میں شمالی کوریا نے ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے بیان دیا ہے کہ جارحیت کے نتیجے میں امریکہ کو راکھ میں ملا دیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکہ اور شمالی کوریا کے مابین جاری تناؤ کسی صورت کم ہونے میں نہیں آ رہا ہے۔

ایک جانب امریکی صدر ٹرمپ نے فوج کو حکم دیا ہے کہ اب اگر شمالی کوریا میزائل کا تجربہ کرے تو پیانگ یانگ پر حملہ کردیا جائے اور شمالی کوریا کے میزائلوں کو امریکی علاقوں تک نہ پہنچنے دیاجائے جبکہ دوسری جانب  شمالی کوریا نے بھی سرحد پر فوج اور بھاری ہتھیاروں کی تنصیب شروع کردی ہے۔

خطے میں امن کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر چین اور روس نے بھی اپنی فوج کو جزیرہ نما کوریا سے ملنے والی سرحدوں پر تعینات کردیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ جنوبی کوریا نے اپنی فوج کو چوکس رہنے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ پچھلے 10 سال سے شمالی کوریا کے جوہری تجربات کو لے کر امریکہ اور شمالی کوریا میں ایک تناؤ چل رہا ہے جو گذشتہ چند ہفتوں میں شدت اختیار کر گیا ہے۔

مذمتوں، پابندیوں اور دھمکیوں کے باوجود شمالی کوریا نے گذشتہ دہائی کے دوران نہ صرف 5 ایٹمی تجربات سمیت بیلسٹک میزائیل کے متعدد تجربات کئے ہیں بلکہ وہ ان کو اپنا حق مانتا ہے اور امریکہ کو بارہا واضح پیغام دے چکا ہے کہ شمالی کوریا پر کسی قسم کی جارحیت کرنے پر امریکہ کو بدترین نتائج بھگتنے ہوں گے۔ 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری