کلبھوشن یادیو کو ایران سے نہیں بلکہ بلوچستان میں گرفتار کیا ہے، پاکستانی ہائی کمیشنر


کلبھوشن یادیو کو ایران سے نہیں بلکہ بلوچستان میں گرفتار کیا ہے، پاکستانی ہائی کمیشنر

بھارت میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر نے بھارتی جاسوس کو ایران سے اغوا کیے جانے کے بھارتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن کو بلوچستان سے پکڑا گیا جسے جاسوسی کے الزام میں سزا دی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی نہ دینا کسی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہے۔

پاکستانی ہائی کمیشنر نے کلبھوشن تک قونصلر رسائی نہ دینے پر بھارت کی جانب سے دو طرفہ معاہدے کی خلاف ورزی کے بیان کو مسترد کردیا ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا کہ دوطرفہ قونصلر رسائی معاہدے کے مطابق سیاسی اور سیکورٹی معاملات سے متعلق کیسز میں فیصلہ میرٹ پر کیا جائے گا۔

انہوں نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو ایران سے اغوا کیے جانے کے بھارتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن کو بلوچستان سے پکڑا گیا جسے جاسوسی کے الزام میں سزا دی گئی ہے۔

عبدالباسط نے کہا کہ کلبھوشن یادیو نے کئی سالوں تک پاکستان میں سفر کیا اور اس کے پاس دو بھارتی پاسپورٹ ہیں جن میں سے ایک جعلی ہے۔

انہوں نے بھارت کی جانب سے کلبھوشن کے ٹرائل کو غیر منصفانہ اور خفیہ رکھنے کے دعوے کی بھی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن کا ٹرائل ملٹری کورٹ سے ہوا کیونکہ اس کا کسی سول کورٹ سے ٹرائل کرانا ناممکن تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری