خاموش رہنے کیلئے حکومت کی عمران خان کو 10 ارب روپے کی پیشکش اور نواز لیگ کی سختی سے تردید


خاموش رہنے کیلئے حکومت کی عمران خان کو 10 ارب روپے کی پیشکش اور نواز لیگ کی سختی سے تردید

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ مجھے پانامہ کیس پر خاموش رہنے کیلئے حکومت کی جانب سے 10ارب روپے کی پیش کش کی گئی لیکن میں نے پیش کش قبول نہیں کی جبکہ مسلم لیگ نواز گروپ نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف پر خوفناک الزام عائد کرتے ہوئے بیان دیا ہے کہ مجھے پانامہ کیس پر خاموش رہنے کیلئے حکومت کی جانب سے 10ارب روپے کی پیش کش کی گئی لیکن میں نے پیش کش قبول نہیں کی۔

عمران خان کا پشاور میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے دورے کے بعد پارٹی رہنماوں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر نواز حکومت کے پاس ایک شخص کو خریدنے کیلئے اتنا پیسہ موجود ہے تو سوچیں نوازشریف نے پانامہ کیس کی تحقیقات کرنے والوں کو کتنے پیسوں کی پیش کش کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کیخلاف شفاف تحقیقات  کی  کیسے امید کی جاسکتی ہے؟ کیونکہ پانامہ کیس کی تحقیقات کرنے والے تمام ادارے وزیراعظم کے ماتحت ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ نواز کی جانب سے عمران خان کے اس الزام کی نہ صرف سختی سے تردید کی گئی ہے بلکہ ان کے خلاف ان الزمات پر ہر ممکن قانونی کاروائی کا بھی اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم محمد نوازشریف کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پاناما کیس میں خاموش رہنے کیلئے 10 ارب روپے کی پیشکش سے متعلق عمران خان کے وزیراعظم پر لگائے گئے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ عمران خان کو بے بنیاد الزامات لگانے کی لت لگ گئی ہے۔

انہوں نے کیچڑ کی بالٹی بھر کے اپنے پاس رکھی ہے، کسی کی بھی ذات پر یا ماں بہن پر کیچڑ ڈالنا ان کا وطیرہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بغیر ثبوت کے وزیراعظم پر 10ارب روپے کی آفر کے الزامات لگائے ہیں۔ الزام تراشی کی عادت ان کی پرانی ہو چکی ہے مگر اس بار انہیں کوئی رعایت نہیں ملے گی، وہ ان الزامات پر ثبوت پیش کریں ورنہ ہم ان کے خلاف ہر ممکن قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کے 10ارب کے بیان پر ایک لفظ میں ردعمل کااظہار کرتے ہوئے ان کے بیان کی تردید کر دی اور عمران خان کے متعلق ایک لفظ ” جھوٹا“ لکھ دیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری