ٹرمپ کا مزید 5 ہزار فوجی افغانستان بھیجنے کا اعلان


ٹرمپ کا مزید 5 ہزار فوجی افغانستان بھیجنے کا اعلان

امریکہ نے طالبان کی دھمکی کے باوجود مزید پانچ ہزار فوجی افغانستان بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق 8 نومبر کو جب ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدارتی انتخاب میں کامیاب ہوئے تھے،  تب افغان طالبان کی جانب سے ان کے لئے ایک بیان جاری کیا گیا تھا جس میں ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا گیا تھا کہ افغانستان سے امریکی فوج کو واپس بلا لیا جائے۔

اس کے بعد ان کے عہدے سنبھالنے پر بھی  افغان طالبان نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے انہیں خبردار کیا تھا کہ وہ سابق صدر جارج بش اور اوباما کی پالیسی اپنانے سے گریز کریں اور امریکی فوجی افغانستان سے واپس بلا لیں۔

تاہم  اس پیغام کے اگلے ہی روز نو منتخب صدر نے 1500 امریکی فوجی افغانستان بھیجنے کا اعلان کر کے افغان طالبان پر اپنے عزائم واضح کر دیئے تھے۔
اس واقعے کے 3 ماہ بعد ایک بار پھر امریکی فوجی افغانستان بھیجنے کی خبر سامنے آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اتحادی افواج کے ترجمان کیپٹن بل سالون نے کہا ہے کہ افغانستان میں موجود امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان نکلسن نے تین سے پانچ ہزار مزید فوجی بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے اور ہم اس بارے میں گفت و شنید کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے ماہ تک مزید فوجی افغانستان بھیج دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مزید فوجی بھیجنے کا مقصد طالبان کے بڑھتے ہوئے اثرو رسوخ کو روکنا اور افغان حکومت کو مضبوط کرنا ہے جبکہ یہ فوجی افغانستان کی مقامی فوج کو بھی ٹریننگ دیں گے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری