جنوبی وزیرستان؛ افغانستان سے دہشتگردوں کا پاک فوج کی چوکیوں پر حملہ


جنوبی وزیرستان؛ افغانستان سے دہشتگردوں کا پاک فوج کی چوکیوں پر حملہ

جنوبی وزیرستان کے قریب سرحد پار سے دہشت گردوں نے فوجی چوکیوں پر حملہ کردیا جس پر پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کردیا اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین حملہ آور مارے گئے جبکہ متعدد دہشت گردوں کو زخمی کردیا گیا۔

جنوبی وزیرستان میں دوچوکیوں پر حملہ افغانستان سے ہوا تاہم پاک فوج نے فوری طور پر بھرپور کارروائی کرتے ہوئے تین حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔

خیال رہے کہ رواں سال جنوری کے اواخر میں سرحد پار سے دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید ہوا تھا جبکہ سرحدی کشیدگی کے باعث پاک افغان سرحد کو کافی عرصے تک بند کررکھا گیا تھا۔

بعدازاں فروری میں پاک فوج نے پاک افغان سرحد پر دہشت گرد تنظیم ’جماعت الاحرار‘ کے ٹھکانوں پر حملہ کرکے کئی ٹھکانوں کو تباہ کردیا تھا۔

حملے میں مبینہ طور پر جماعت الاحرار کے ڈپٹی کمانڈر عادل باچا کا کیمپ، تربیتی کمپاؤنڈ اور 4 دیگر کیمپ تباہ کردیئے گئے تھے تاہم آزاد ذرائع نے ان دعووں کی تصدیق نہیں کی تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری