اچھے تعلقات کا ڈھنڈورا پیٹنے والا بھارت پھر بےنقاب


اچھے تعلقات کا ڈھنڈورا پیٹنے والا بھارت پھر بےنقاب

مہمان پاکستانی طالب علموں کے وفد کو بھارتی وزارت خارجہ کی مداخلت پر غیرنصابی سرگرمیوں کے بغیر ہی واپس لاہور روانہ کردیا گیا۔

خبررساں ادارے نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ غیرسرکاری تنظیم “روٹس ٹو روٹ” نے “ایکس چینج فور چینج” پروگرام کے تحت  پاکستانی طالب علموں کے وفد کو دورہ بھارت کی دعوت دی تھی جس پر 11 سے 15 سال کی عمر کے طالب علموں پر مشتمل 50 رکنی وفد نئی دلی پہنچا لیکن بھارتی وزارت خارجہ کی مداخلت کے بعد پاکستانی وفد کو غیرنصابی سرگرمیوں کے بغیر ہی واپس لاہور روانہ کردیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستانی وفد کو آج آگرہ کا دورہ کرنا تھا جس کے بعد 4 مئی کو پاکستانی اور بھارتی طالب علموں کے درمیان پاکستانی سفارتخانے میں تجربات کے تبادلے سے متعلق پروگرام طے شدہ شیڈول کے مطابق ہونا تھا تاہم طالب علموں کے پروگرام کو تنگ نظر بھارتی حکومت نے یہ کہہ کر منسوخ کرا دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث اس قسم کے پروگرامات کے لئے یہ وقت مناسب نہیں۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان گوپل باغلے کا کہنا تھا کہ یکم مئی کو پاکستانی وفد کے نئی دلی میں پہنچنے کے بعد این جی او کو آگاہ کردیا گیا تھا کہ طالب علموں کے درمیان تجربات کے تبادلے کے لئے یہ وقت مناسب نہیں اس لئے پاکستانی طالب علوں کو فوری طور پر واپس بھیجا جائے۔

دوسری جانب “روٹس ٹو روٹ” این جی او نے پاکستانی وفد کے ادھورے دورہ بھارت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وفد کے دورے کے درمیان میں واپس جانا قابل افسوس ہے تاہم تمام طالب علموں اور ان کے ساتھ آنے والے اساتذہ کو بحفاظت طریقے سے واپس لاہور روانہ کردیا گیا ہے۔ 

این جی او کے بانی راکیش گپتا اور ٹینا وچانی نے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاملات جلد بہتر سطح پر آنے کے بعد آئندہ ایک یا دو ماہ میں پاکستانی وفد کو دوبارہ دورہ بھارت کی دعوت دی جائے گی۔

پاکستانی طلبا کا دورہ مکمل کیے بنا ان کو واپس بھجوانے کے اس واقعے کے بعد پاکستان کے ساتھ بھارت کے اچھے تعلقات کی خواہش کے کھوکھلے نعرے کی حقیقت کھل کر دنیا کے سامنے آ گئی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری