پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے کے لئے ایک اور اعزاز


پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے کے لئے ایک اور اعزاز

پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے کی آسکر اعزاز یافتہ دستاویزی فلم 'اے گرل ان دی ریور' (دریا میں ایک لڑکی) نے عالمی ٹیلیویژن کی کیٹگری میں رابرٹ کینیڈی جرنلزم ایوارڈ جیت لیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق شرمین عبید چنائے کا شمار ان نو خواتین ہدایت کاروں میں ہوتا ہے، جنھوں نے نان فکشن میں آسکر ایوارڈ حاصل کیے ہوں۔

اب ان کی آسکر اعزاز یافتہ دستاویزی فلم 'اے گرل ان دی ریور' (دریا میں ایک لڑکی) نے عالمی ٹیلیویژن کی کیٹگری میں رابرٹ کینیڈی جرنلزم ایوارڈ جیت لیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ دستاویزی فلم صبا نامی 18 سالہ لڑکی کی کہانی ہے جسے اس کے رشتے داروں نے غیرت کے نام پر قتل کرنے کی کوشش کے بعد مردہ سمجھ کر دریا میں پھینک دیا تھا مگر وہ معجزانہ طور پر بچ گئی تھی۔

زندہ بچنے کے بعد اس نے ہسپتال کے ڈاکٹروں اور پولیس کے ساتھ مل کر اپنا مقدمہ لڑا مگر پھر دباؤ میں آ کر حملہ آوروں کو معاف کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ اے گرل ان دی ریور نامی اس دستاویزی فلم کو 2016 آسکر ایوارڈ بھی مل چکا ہے جو کہ شرمین عبید چنائے کا دوسرا آسکر تھا۔

برلن میں کانفرنس میں شرکت کے لیے موجود شرمین عبید چنائے نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی جیت پر خوشی کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں بے حد خوش ہوں کہ اس دستاویزی فلم کو لوگ ابھی بھی سراہ رہے ہیں اور اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اس سے قطع نظر کہ آپ کا تعلق کس جگہ سے ہے، آپ اگر اچھا کام کریں تو لوگ اس کام کو سراہیں گے۔

اس دستاویزی فلم کی کامیابی کے بارے میں شرمین عبید چنائے کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں انگریزی اور اردو دونوں زبانوں کے میڈیا میں غیرت کے نام پر کیے جانے والے جرائم کے بارے میں گفتگو میں اضافہ ہوا ہے۔

میرے خیال میں کسی بھی مسئلے کے ادارک کے لیے ضروری ہے کہ اس کے بارے میں ملک بھر میں گفتگو کی جائے اور مجھے بہت خوشی ہے کہ لوگ اب اس بارے میں بات کرتے ہیں اور میں سمجھتی ہوں کہ اس تبدیلی کے پیچھے اس ڈاکیومینٹری کا کچھ کردار ضرور ہے۔

مستقبل میں اپنے ارادوں کے بارے میں ذکر کرتے ہوئے شرمین عبید چنائے نے بتایا کہ وہ اس وقت پانچ ورچوئل ریئلٹی فلموں پر کام کر رہی ہیں جن کی مدد سے کوشش کی جائے گی کہ یہ دکھایا جا سکے کہ پاکستان میں رہنا اور کام کرنا کیسا لگتا ہے۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری