امریکہ: ایف بی آئی کے ڈائریکٹر برطرف


امریکہ: ایف بی آئی کے ڈائریکٹر برطرف

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی کو برطرف کر دیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز اچانک ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی کو اپنے عہدے سے ہٹا دیا۔

امریکی ایوانِ صدر کے ایک بیان میں کہا گیا: آج صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی کو مطلع کیا کہ انھیں ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔

یہ اچانک اور غیرمتوقع قدم اس وقت اٹھایا گیا ہے جب یہ واضح ہوا تھا کہ کومی نے گذشتہ ہفتے کانگریس کو ہلیری کلنٹن کی ای میلز کے بارے میں غلط معلومات دی تھیں۔

وائٹ ہاؤس نے بتایا ہے کہ کومی کو امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشنز کی سفارش پر برخاست کیا گیا ہے۔

وہائٹ ہاؤس کی جانب سے صدر ٹرمپ کے جاری کردہ ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اب یہ ضروری ہوگیا ہے کہ ہم ایف بی آئی کی قیادت کے لیے کوئی ایسی شخصیت ڈھونڈیں جو ادارے کے قانون کے موثر نفاذ کے مشن پر اعتماد بحال کرسکے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ انہوں نے اٹارنی جنرل جیف سیشیز کا یہ مشورہ قبول کر لیا ہے کہ کومی وفاقی بیورو کی موثر طور پر قیادت کے اہل نہیں ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے کہا کہ ان کے جانشین کی تلاش فوری طور پر شروع کر دی جائے گی۔

واضح رہے کہ کومی اپنی انکواری کے دوران اس بحث کا نشانہ بن گئے تھے کہ آیا ہلری کلنٹن نے سابق صدر براک اوباما کے پہلے دور میں وزیر خارجہ کی حیثیت سے اپنے پرائیویٹ ای میلز سرور کا استعمال کر کے قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا تھا یا نہیں۔

انہوں نے جولائی میں کہا تھا اس کیس کو مقدمہ چلائے بغیر بند کر دیا جائے، لیکن بعد میں 8 نومبر کے انتخابات سے 11 دن پہلے انہوں نے ای میلز سے منسلک ایک نیا انکشاف سامنے آنے پر مقدمے کی دوبارہ تفتیش شروع کر دی۔

یاد رہے کہ ہلیری کلنٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھوں اپنی انتخابی شکست کا ذمہ دار جیمز کومی کو قرار دیا تھا۔

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر نے انتخابی مہم کے دوران دو بار مداخلت کی تھی۔

ایک بار جولائی میں اور دوسری بار ووٹنگ سے صرف چند ہفتے قبل اکتوبر 2016 میں۔

اس دوران انھوں نے ہلیری کلنٹن کے نجی ای میل سرور کی چھان بین کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم تفتیشی افسران نے منگل کو بتایا کہ وہ صرف چند ای میلز تھیں اور ان میں سے بیشتر خفیہ نہیں تھیں۔

خیال رہے کہ 56 سالہ کومی کی تعیناتی چار برس قبل ہوئی تھی اور بطور ڈائریکٹر ان کے عہدے کی میعاد چھ مزید برسوں تک تھی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری