نہ کلبوشن سے کوئی تعلق ہے، نہ ہی رسائی مانگی: ایران


نہ کلبوشن سے کوئی تعلق ہے، نہ ہی رسائی مانگی: ایران

ایران نے بھارتی جاسوس کلبوشن یادیو تک قونصلر رسائی مانگنے کی خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کا کلبوشن سے کوئی تعلق نہیں، ایسی خبریں پاک ایران تعلقات خراب کرنے کے لیے ہیں۔

تسنیم نیوز ایجنسی نے خبررساں ادارے  اے آر وائی کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ ایران کا کلبوشن یادیو سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی ایران نے کلبوشن تک رسائی کےلیے پاکستان سے کہا ہے۔

انہوں نے ایسی خبروں کو بےبنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی خبریں پاک ایران تعلقات خراب کرنے کے لیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک ایران تعلقات جب بھی بڑھتے ہیں تو کوئی نہ کوئی ناخوشگوار واقعہ ہوجاتا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی نیوی کے افسر کلبوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔

جس کے بعد بھارت نے تسلیم کیا تھا کہ بلوچستان سے پکڑا جانے والا جاسوس کلبوشن یادیو بھارتی نیوی کا افسر تھا جس نے بحریہ سے قبل ازوقت ریٹائرمنٹ لی تھی۔

پاکستان میں اس کے اقبال جرم اور اس کے خلاف ٹھوس ثبوت ہونے کی بنیاد پر اس کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری