الوداع مصباح ۔۔۔ الوداع یونس + تصاویر


الوداع مصباح ۔۔۔ الوداع یونس + تصاویر

مصباح الحق اور یونس خان کی ریٹائرمنٹ کی شکل میں پاکستان کرکٹ کے  2 سنہرے باب بیک وقت بند ہوگئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے دو عظیم کھلاڑی مصباح الحق اور یونس خان نے اپنے کیرئیر کے آخری انٹرنیشنل میچ میں بیٹگ کر کے کرکٹ کو خیر آباد کہہ دیا۔

ویسٹ انڈیز کے ساتھ اپنے آخری ٹیسٹ میچ میں یونس خان اور مصباح الحق ایک ہی وقت میں ایک ہی گراﺅنڈ میں ایک ساتھ موجود تھے۔

دونوں کھلاڑیوں کا یہ آخری ٹیسٹ میچ تھا، مصباح الحق کے آﺅٹ ہوتے ہی یونس خان بھی 35 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے۔

پاکستان کے عظیم کپتان مصباح الحق اپنے کیرئر کے آخری ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں جب آﺅٹ ہوئے تو گراﺅنڈ سے الوداع ہوتے ہوئے جذباتی مناظر دیکھے گئے۔

تفصیلات کے مطابق76ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے عظیم بلے باز مصباح الحق اپنے کیرئر کی آخری اننگز میں 2رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے۔

ان کے آﺅٹ ہوتے ہی سٹیڈیم میں جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔

شائقین نے کھڑے ہو کر عظیم بلے باز کو رخصت کیا جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے انہیں گارڈ آف آنرز پیش کیا۔

قومی ٹیم کے تمام کھلاڑی میدان میں آ گئے اور انہو ں نے اپنے بلوں کے ذریعے تاج نما راستہ بنایا جس کے اندر سے گزرتے ہوئے مصباح الحق پولین میں داخل ہوئے۔

اس مناظر کو دیکھ کر پولین تالیوں اور نعروں سے گونج اٹھا۔

ان کی وکٹ گرتے ہی یونس خان نے اپنا ہیلمنٹ اتار کر عظیم کپتان اور کھلاڑی کو گلے لگا کر رخصت کیا۔

گراﺅنڈ سے رخصت ہوتے ہوئے مصباح الحق کی آنکھیں آنسوﺅں سے نم تھیں۔ جس پر شائقین کی جانب سے تالیاں بجا کر داد دی گئی۔ اس موقع پر مصباح الحق کی بیٹی بھی ہاتھ ہلا کر اپنے والد کو گراﺅنڈ سے الوداع کر رہی تھی۔

اسی طرح دنیائے کرکٹ میں 118ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے یونس خان نے اپنے کیرئر کی آخری اننگز کھیلی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری ٹیسٹ سیرز میں شاندار فیلڈنگ کا مظاہر ہ کرتے ہوئے دوطرفہ ٹیسٹ سیریزمیں 10کیچ لینے والے پہلے پاکستانی فیلڈرکا اعزاز یونس خان نے اپنے نام کر لیا۔

یونس خان ٹیسٹ سیریز میں10کیچ لینے والے پہلے پاکستانی فیلڈر بن گئے ہیں ۔ یونس خان نے ویسٹ انڈیزکی پہلی اننگزمیں بشو کو کیچ کرکے یہ اعزازحاصل کیا۔اس سے قبل ایک ٹیسٹ سیریزمیں یونس خان اورتوفیق عمر نے9،9 کیچ لیے تھے۔

اپنے کیرئر کے دوران یونس خان نے کئی اہم ریکارڈ اپنے نام کئے۔

انہوں نے34 سنچریوں اور33 نصف سنچریوں کی مدد سے  10ہزار99 رنز بنائے، یونس یہ منفرد ریکارڈ رکھنے والے پہلے پاکستانی بلے باز ہیں۔

یونس خان کے آﺅٹ ہوتے ہی سٹیڈیم مس یو مس یو کے نعروں سے گونج اٹھا۔

شائقین نے کھڑے ہوکر ان کا استقبال کیا اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمینوں نے عظیم کھلاڑی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر عظیم کھلاڑی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے خصوصی ٹرینڈ لانچ کیا گیا ہے۔

مس یو نامی یہ ٹرینڈ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔

اگرچہ یہ ٹیسٹ میچ ان دونوں کھلاڑیوں کے کیرئیر کا آخری میچ ہے تاہم یہ دونوں اپنے مداحوں کے دلوں پر ہمیشہ راج کریں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری