مستونگ واقعہ، گوادر میں مزدوروں کا خون اور سرحدی کشیدگی، پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی بھارتی سازش ہے


مستونگ واقعہ، گوادر میں مزدوروں کا خون اور سرحدی کشیدگی، پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی بھارتی سازش ہے

وفاقی وزیر پانی وبجلی ودفاع خواجہ محمد آصف نے مستونگ میں دہشتگردی کے واقعے، گوادر میں مزدوروں پر حملے اور ورکنگ باونڈری پر کشیدگی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی بھارتی سازش ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وفاقی وزیر پانی و بجلی و دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ بھارت پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کے لئے مختلف سازشوں میں ملوث ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تسلسل کے ساتھ گزشتہ چند روز سے دہشت گردی کے جوواقعات ہو رہے ہیں وہ پاک چین کے سی پیک کے ذریعے جدوجہد کو ناکام بنانے کی کوشش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام واقعات پاکستان کو غیر مستحکم بنانے کیلئے کئے جارہے ہیںاوران واقعات میں افغانستان کی سر زمین اور افغان حکومتی عناصر بھی استعمال ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے بے بنیاد پراپیگنڈا کیا کہ پاکستانی افواج نے بھارت کے اندر جا کر لاشیں مسخ کی ہیں حالانکہ ایسا کچھ نہیں ہوا اور یہ بھارتی جھوٹ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہماری افواج پروفیشنل ہے جس کی تابندہ روایات ہیں وہ ایسا نہیں کر سکتی۔  

انہوں نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی سربراہی میں چاروں وزراء اعلیٰ کے چین جانے کو خوش آئند قرار دیا۔

وفاقی وزیر نے تاکید کی کہ قوم اور سیاسی جماعتوں کو اس وقت یکجہتی کی ضرورت ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری