القابون کی مکمل آزادی کا اعلان، مسلح باغیوں کا غوطہ سے نکلنے کی خواہش کا اظہار


القابون کی مکمل آزادی کا اعلان، مسلح باغیوں کا غوطہ سے نکلنے کی خواہش کا اظہار

شامی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ القابون دہشت گردوں کے وجود سے پاک ہو گیا ہے اور اس علاقے میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو ناکارہ بناتے ہوئے مکمل امن و امان قائم کر دیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق شامی فوجی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ شمالی مشرقی دمشق کے القابون اور اس کے آس پاس کے علاقوں کو کثیر تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کے بعد آزاد کرا لیا گیا ہے جبکہ باقی دہشت گرد ادلب کی طرف بھاگ گئے ہیں۔ اب القابون میں مکمل طور پر امن و امان قائم ہے۔

القابون کی آزادی کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ علاقے میں دہشت گردوں کے ذریعے بچھائی گئی بارودی سرنگیں اور بموں کو ناکارہ بنانے میں مصروف ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس علاقے سے 1058 مسلح باغیوں سمیت 2289 افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔ دہشت گردوں نے اپنے ٹھکانوں سے نکلتے وقت اپنے ہتھیاروں اور مکانوں کو آگ لگا دی۔

مشرقی غوطہ میں بعض ذرئع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اس علاقے سے نکلنے کیلئے تیاریاں کر رہے ہیں جبکہ بعض دہشت گردوں کا کہنا ہے کہ اگر انہیں موقع ملے تو وہ اپنے کمانڈروں کو چھوڑ کر جلد از جلد غوطہ سے فرار کریں گے۔

ذرائع کے مطابق الافریس، الاشعری، بیت سوری اور بیت لحم میں جیش الاسلام، جبھۃ النصرۃ اور فیلق الرحمن جیسے دہشت گردوں کے درمیان ہونے والے باہمی جھڑپوں میں 80 سے زیادہ دہشتگرد ہلاک یا زخمی ہو گئے ہیں۔

حمص سے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق شامی فوج نے الشمالیۃ الغربیۃ اور الطفحۃ الشرقیہ جیسے علاقوں کو کئی دہشت گردوں کو ہلاک کرتے ہوئے داعش کے قبضہ سے آزاد کرا لیا ہے۔

دوسری طرف حمص کے الوعر علاقے سے دہشت گردوں کا دسواں گروہ نقل مکانی کرچکا ہے جبکہ ہفتہ کے روز دہشت گردوں کے انخلاء کا آخری مرحلہ ہوگا۔

ایک معاہدے کے بعد اس علاقے سے دہشت گردوں کا انخلاء 18 مارچ کو شروع ہوا تھا۔

مشرقی شام کے ابوکمال علاقے میں امریکی طیاروں کے حملوں میں 10 سے زائد عام شہری جاں بحق ہو گئے ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے جنرل میک گورک کی سربراہی میں ایک وفد نے رقہ کے مضافاتی شہر عین عیسا کا دورہ کیا۔

باخبر ذرائع کے مطابق اس سفر کا مقصد رقہ کے جنگی حالات کا تجزیہ اور لوجیسٹک جانچ پڑتال ہے۔ 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری