دنیا کی نظریں عالمی عدالت انصاف پر / آج بھارتی جاسوس کلبھوشن کیس کا فیصلہ ہوگا


دنیا کی نظریں عالمی عدالت انصاف پر / آج بھارتی جاسوس کلبھوشن کیس کا فیصلہ ہوگا

پاکستان میں سزائے موت پانیوالے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے متعلق عالمی عدالت انصاف کیس کا فیصلہ آج سنائے گی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق تفصیلات کے مطابق پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کا اعتراف کرنے والے کلبھوشن یادیوکے خلاف عالمی عدالت انصاف کے جج رونی ابراہم پاکستانی وقت کے مطابق آج سہ پہر3 بجے کیس کا فیصلہ سنائیں گے۔

چند روز قبل کیس کی سماعت کے دوران پاکستانی وکلاء نے بھارتی وکلاء کی بولتی بند کردی اور ان کے دلائل کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن نے خود دہشتگردی کا اعتراف کیا اور عالمی عدالت انصاف کو کیس سننے کا دائرہ اختیار حاصل نہیں ہے۔

یاد رہے کہ بھارت نے اپنے جاسوس کی رہائی کے لئے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا تھا۔

اگرچہ بھارت نے یہ تسلیم کیا تھا کہ کلبھوشن بھارتی بحریہ کا سابق افسر ہے تاہم بھارت کی طرف سے اس الزام کو مسترد کیا جاتا رہا کہ کلبھوشن کا تعلق 'را' سے ہے۔

پاکستان میں گرفتاری کے بعد کلبھوشن یادو کے خلاف ’فیلڈ جنرل کورٹ مارشل‘ یعنی ایک فوجی عدالت میں آرمی ایکٹ کے تحت مقدمہ چلایا گیا اور گزشتہ ماہ اُنھیں موت کی سزا سنائی گئی۔

فوج کی طرف سے کہا گیا تھا کہ کلبھوشن کو قانون کے مطابق دفاع کے لیے وکیل کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی۔ کلبھوشن اپنی اس سزا کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں۔

کلبھوشن کو سزائے موت سنائے جانے کے بعد بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اسے بھارت کا بیٹا قرار دیتے ہوئے متنبہ کیا تھا کہ اگر کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔

ردعمل کے طور پر پاکستان نے 2 ٹوک الفاظ میں بتا دیا تھا کہ بھارتی جاسوس پر قانونی تقاضوں کے مطابق سزا سنائی گئی ہے اوراس زمرے میں پاکستان کوئی لچک نہیں دکھائے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری