پولیس، دہشتگردوں کے نشانے پر / 2 واقعات میں 7 اہلکار شہید


پولیس، دہشتگردوں کے نشانے پر / 2 واقعات میں 7 اہلکار شہید

کوہاٹ میں دہشتگردوں کی پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار شہید ہوگئے دوسری جانب کراچی میں بھی پولیس موبائل پر نامعلوم دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق کوہاٹ کے علاقے لاچی میں دہشتگردوں نے معمول کے مطابق گشت پر مامور پولیس موبائل پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی او ر موقع سے فرار ہوگئے۔

فائرنگ کی زد میں آکر ایس ایچ او خان اللہ، ایڈیشنل ایس ایچ او طاہر خان، حوالدار تنویر، ڈرائیور اور گن مین موقع پر ہی شہید ہوگئے۔

اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور شہدا کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کرنے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے دھورا جی کالونی نیشنل سٹیڈیم کے قریب تھانہ نیو ٹاون کے علاقے میں نامعلوم دہشتگردوں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی۔

گولیوں کی زد میں آکر 3پولیس اہلکار شہنشاہ، افتخار اور راجہ یونس شدید زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اے ایس آئی افتخار اور ہیڈ کانسٹیبل راجہ یونس شہید ہوگئے جبکہ ڈاکٹر تیسرے زخمی اہلکار کو بچانے کی سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ تاحال کسی دہشتگرد کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری