پاک افواج کے خلاف زہر اگلنے والوں کے خلاف کارروائی؛ متعدد گرفتار


پاک افواج کے خلاف زہر اگلنے والوں کے خلاف کارروائی؛ متعدد گرفتار

پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف مہم چلانے کے الزام میں ملک کے مختلف علاقوں سے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم نے ایف آئی اے کے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یہ کارروائیاں وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار کے ان احکامات کے بعد کی گئی ہیں جو انھوں نے چند دن قبل جاری کیے تھے۔

یاد رہے کہ چوہدری نثار علی خان نے کہا تھا کہ آئین کے تحت قومی سلامتی کے معاملات اور ان سے متعلقہ اداروں پر تنقید نہیں کی جاسکتی اور آزادی اظہار کی آڑ لے کر فوج یا اس کے افسران کی تضحیک ناقابل قبول ہے اور اس عمل میں ملوث افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے چاہے ان کا تعلق کسی بھی جماعت اور پیشے سے ہو۔

اسی زمرے میں ایف آئی اے حرکت میں آئی اور کارروائی کر کے ایسی متعدد کالی بھیڑوں کو حراست میں لے لیا جو پاک افواج کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے تھے۔

حراست میں لیے جانے والوں میں پنجاب کے شہر کامونکی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر فیصل رانجھا بھی شامل ہیں جو سوشل میڈیا پر موجودہ حکومت کے حامی اور فوج کے ناقد تصور کیے جاتے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق انہیں حراست میں لیے جانے کے بعد اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک اس سلسلے میں حراست میں لیے جانے والے افراد کی کل تعداد دس سے زیادہ نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان افراد سے تحقیقات ابتدائی مراحل میں ہیں اور ٹھوس معلومات کے حصول کے بعد ہی اس بارے میں مزید کوئی بیان جاری کیا جائے گا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری