پاکستان امت مسلمہ کے اتحاد میں گہری دلچسپی رکھتا ہے: نواز شریف


پاکستان امت مسلمہ کے اتحاد میں گہری دلچسپی رکھتا ہے: نواز شریف

وزیراعظم نوازشریف نے پہلے امریکی عرب اسلامک سربراہ اجلاس میں مسلم رہنماؤں سے ملاقات کے دوران اتحاد بین المسلمین اور اتحاد بین المذاہب کی اہمیت پر زور دیا۔

خبررساں ادارے تسنیم نے ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کے حوالے سے خبر دی ہے کہ وزیراعظم نوازشریف پہلے امریکی عرب اسلامک سربراہ اجلاس میں شریک ہوئے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اورمسلم رہنماؤں سے ملاقات کی جب کہ وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور صدرٹرمپ سمیت عالمی رہنماؤں سے تبادلہ خیال کیا اورعالمی رہنماؤں کو دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے کہ پاکستان امت مسلمہ کے اتحاد اوربین المذاہب ہم آہنگی اور بات چیت کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صف اول کا ملک ہونے کی حیثیت سے پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا کوسب سے زیادہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے چیلنج کا سامنا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے شمارقربانیاں دی اور بھاری قیمت چکائی ہے جب کہ دہشتگرد حملوں میں ہمارے اہلکار شہید اورزخمی بھی ہوئے تاہم انسانی جانوں اورمالی نقصانات نے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کیا، ہم نے دہشتگردی کا جرات اورجوانمردی سے مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سلامتی اور معیشت کے شعبوں میں بہتری آئی ہے اور گزشتہ ایک عشرے میں پچھلے سال دہشت گردی کے حملوں کی تعداد کم ترین رہی ،جس سے دہشت گردی سے متاثرہ ممالک میں مطلوبہ نتائج کے حصول میں مدد مل سکتی ہے۔

وزیراعظم نے صدرٹرمپ کی جانب سے ان کے پہلے غیرملکی دورے میں اس سربراہ اجلاس میں شرکت پر انہیں سراہا۔
وزیراعظم نے قطر کے امیر، بحرین کے شاہ، تاجکستان اورآذربائیجان کے صدور اور ملائیشیا کے وزیراعظم سمیت کئی دوسرے رہنمائوں سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری