پاک سر زمین کبھی افغانستان کے خلاف استعمال نہ ہوگی؛ آرمی چیف کی امریکی سفیر سے ملاقات میں یقین دہانی


پاک سر زمین کبھی افغانستان کے خلاف استعمال نہ ہوگی؛ آرمی چیف کی امریکی سفیر سے ملاقات میں یقین دہانی

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ملاقات کی جس میں انہوں نے ایک بار پھر پاکستان کی سرزمین کے دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ملاقات کی جس میں امریکی سفیر نے دہشتگردی پر قابو پانے میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔

امریکی سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے یقین دلایا ہے کہ پاکستان افغانستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال ہونے نہیں دے گا۔

آرمی چیف اور امریکی سفیر نے پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں ہونے والے بم دھماکوں میں افغانی بارود کی بو ہونے کے واضح ثبوت ہونے کے باوجود پاکستان کی سیاسی قیادت سے عسکری حکام تک افغانستان سمیت دنیا بھر کو ان گنت بار یہ یقین دہانی کروائی جا چکی ہے کہ پاکستان کی سرزمین کبھی بھی دہشتگردی میں افغانستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔

مذکورہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور، آپس کے تعلقات اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی اہم گفتگو کی گئی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری