دشمن سپاہ کی طاقت کا اندازہ نہیں لگا سکتا/ ایرانی بحریہ کیساتھ ٹکر کا نتیجہ پشیمانی کے سوا کچھ نہیں ہوگا


امام خامنہ ای نیول یونیورسٹی کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر کا کہنا ہے کہ دشمن کے لئے سپاہ کی طاقت کا اندازہ لگانا بہت مشکل ہے، دشمن کے لئے ایران کی سمندری حدود میں داخل ہونے کا نتیجہ پشیمانی کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔

سردار اصغر شکر اللہی نے خبر رساں ادارے تسنیم سے گفتگو کرتے ہوئے خرمشہر کے یوم آزادی کے موقع پر کہا کہ اسلامی جمہوریہ کے مقدس نظام کے نگہبان ائمہ طاہرین علیہم السلام کی سیرت پر چلتے ہوئے اسلام اور اسلامی نظام کی حفاظت کو اپنا فریضہ گردانتے ہیں۔ 

امام خامنہ ای نیول یونیورسٹی کے ڈپٹی کوارڈینیٹر نے سپاہ کی بنیاد اسلام ناب محمدی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تعلیمات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اعتقاد اور یقین پر بھروسہ کرتے ہوئے سپاہ ہر میدان میں مضبوطی اور اقتدار کے ساتھ اترتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب کی توفیقات کا اہم سبب عوام کی محبتیں اور حمایت بھی ہے۔

انہوں نے دشمنوں کے مقابلے میں سپاہ پاسداران کی سربلندی کا سبب رہبر انقلاب اسلامی کی عظیم قیادت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپاہ پاسداران اسلامی انقلاب کی حفاظت اور سلامتی میں ہمیشہ کامیاب رہی ہے اور اس مرحلے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

امام خامنہ ای نیوی یونیورسٹی کے ڈپٹی کوارڈینیٹر نے مزید کہا کہ سپاہ ہمیشہ ہی اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے خطرات کا سامنا کرنے کے لئے صف اول میں رہی ہے۔

انہوں نے سپاہ پاسداران کی سب سے بڑی خوبی کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ سپاہ دشمنوں کا سامنا کرنے کے لئے ہمیشہ سینہ سپر رہی ہے۔ سپاہ کبھی بھی عالمی استکبار کی ظاہری شان و شوکت سے مرعوب نہیں ہوئی، ہم عالمی استکبار کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طاقت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سپاہ پاسداران اسلامی کی بحریہ کم سے کم مدت میں دشمن کے احتمالی تجاوز کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے ازلی دشمنوں کو سپاہ پاسداران کی قوت و طاقت کا اندازہ ہو گیا ہے۔ اسلامی جمہوریہ کی سمندری حدود میں کسی بھی تجاوز کا نتیجہ صرف اور صرف پشیمانی ہے۔

امام خامنہ ای نیول یونیورسٹی کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر نے سپاہ کی ناقابل تصور فوجی طاقت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دشمن سپاہ کی بحری طاقت کا اندازہ لگانے سے قاصر ہیں۔