ڈاکٹر طاہر القادری کا آئندہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان؛ کارکنان پرجوش
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نےآئندہ عام انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کارکنان اور عہدیداروں کو یوسی اور وارڈ کی سطح پر تیاری کا حکم دے دیا.
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے آئندہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کر دیا ہے جس پر پارٹی کے کارکنان میں بہت جوش و خروش دکھائی دے رہا ہے۔
عوامی تحریک کے 28 ویں یوم تاسیس کے موقع پر سنٹرل کور کمیٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں سے قصاص لے کر پاکستان میں انصاف اور قانون کی عملداری قائم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اشرافیہ کی جمہوریت نے کرپشن، دہشتگردی، ناانصافی، اقرباء پروری اور تفرقہ بازی کو جنم دیا۔
موجودہ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں نے پاکستان کے بین الاقوامی تشخص کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔
ان کے بیان کے مطابق پاکستان کو عالمی اور علاقائی تنہائی کی طرف دھکیل دیا گیا اور ایٹمی پاکستان کو قرضوں کی دلدل بنا دیا گیا۔
انہوں نے ملک بھر کے کارکنان اور عہدیداروں کو پیغام دیا کہ عوامی تحریک کو گراس روٹ پر آرگنائز کریں اور وارڈ کی سطح پر تنظیم سازی کے عمل کو بلاتاخیر مکمل کریں۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ عوامی تحریک انقلاب اور تبدیلی کی واحد سیاسی قوت ہے۔
انہوں نے دعوی کیا کہ عوامی تحریک کے پاس ایسے دماغ ہیں جو پاکستان کو توانائی کے بحران اور قرضوں کی دلدل سے نکالنے کے ساتھ ساتھ اسے نوجوانوں کی مدد سے ایک خوشحال اور فلاحی مملکت بنا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنوں کی قربانیوں اور بیداری شعور مہم کے باعث آج قاتل اور قومی لٹیرے بے نقاب ہو رہے ہیں اور خود کو بچانے کی آخری ناکام کوششوں میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی لٹیرے بہت جلد اپنے انجام سے دوچار ہونگے۔
25مئی 1989 کو ایک جدید اسلامی ،فلاحی ،جمہوری معاشرے کے قیام کیلئے عوامی تحریک کی بنیاد رکھی تھی ،الحمد اللہ 28 سالہ اس انقلابی سفر کے باعث محب وطن اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ایک ایسی کھیپ تیار کر دی ہے جو کسی بھی حالت میں اس ظلم کے نظام کے ساتھ کمپرومائز پر تیار نہیں۔
یہی نوجوان وطن عزیز کوقائد اعظم محمد علی جناح ؒ اور علامہ محمد اقبال ؒ کا پاکستان بنائیں گے اور یہ دن اب زیادہ دور نہیں ہے۔