پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی / افغانستان سے ٹی 20 سیریز کھیلنے پر اتفاق


پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی / افغانستان سے ٹی 20 سیریز کھیلنے پر اتفاق

اسلام آباد میں افغان لڑکیوں کی سائیکل چیمپئین شپ میں شرکت کے بعد افغان کرکٹ بورڈ کی کچھ ڈھارس بندی جس کے نتیجے میں  پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹی  20 سیریزکھیلنے پر اتفاق ہو گیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے افغان ہم منصب عاطف مشال کے ساتھ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پی سی بی اور افغان کرکٹ بورڈ میں رواں سال 2ٹی 20میچز کھیلنے پر اتفاق ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2 میچوں کی سیریز کا ایک میچ پاکستان اور دوسرا افغانستان میں کھیلا جائے گا۔

قومی ٹیم ٹی 20 میچ کھیلنے کیلئے کابل جائے گی جبکہ افغان ٹیم لاہور آکر میچ کھیلے گی جن کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ٹی 20میچ جولائی یا اگست میں کھیلے جا سکتے ہیں جبکہ افغانستان کے ساتھ جونیئر کرکٹ بھی کھیلنا چاہتے ہیں اس کے علاوہ پاکستانی کھلاڑی افغان کرکٹ لیگ جبکہ افغان پلیئرز پی ایس ایل کھیلنے کیلئے بھی پاکستان آئیں گے۔

افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین عاطف مشال نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مثالی ہیں ، پاکستانی ٹیم میچ کھیلنے کیلئے پہلے کابل آئے گی۔

یاد رہے کہ ابتدا میں افغانستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کو غیرمحفوظ قرار دیتے ہوئے یہاں آکر کرکٹ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا تاہم غالبا افغان لڑکیوں کی اسلام آباد میں سائیکل چیمپئین شپ میں شرکت بعد افغان مردوں کو بھی حوصلہ ہوا اور اب انہوں نے پاکستان کے ساتھ ٹی  20 سیریزکھیلنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے پاکستان کے حالات کو بہانہ بنا کر قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کرکٹ نہ کھیلنے کے بعد افغانی لڑکیوں نے پاکستان سائیکلنگ چیمپئن شپ میں حصہ لیکر دنیا پر واضح کر دیا تھا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور یہاں پر کسی کو کوئی بھی خطرہ نہیں ہے۔

یہی نہیں بلکہ اسلام آباد میں جہاں قومی ویمن سائیکلنگ چیمپئن شپ میں افغانستان کی ٹیم نے بھی حصہ لیا وہیں سائیکلوں پر سوار افغانستان سے آئی لڑکیوں نازنین اور سحر نے اپنی ہی حکومت اور کرکٹ بورڈ کو آئینہ دکھا دیا اوران سمیت دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان ایک پرامن اور مہمان نواز ملک ہے۔

افغان لڑکیوں کا کہنا تھا کہ ہم یہاں محفوظ ہیں، پاکستان بہت اچھا ہے اور یہاں خطرے کی بھی کوئی بات نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان آکر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے اور یہاں کے لوگ بہت زیادہ مہمان نواز ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری