راحیل شریف نے سعودی - امریکی اتحاد کی سربراہی چھوڑکر وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا، پاکستانی اخبار کا دعویٰ


راحیل شریف نے سعودی - امریکی اتحاد کی سربراہی چھوڑکر وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا، پاکستانی اخبار کا دعویٰ

پاکستانی اخبار نے لکھا ہے کہ اسلامی اتحاد کے نام پر سعودی - امریکی اتحاد کانفرنس کے بعد پاکستان کے سابق آرمی چیف آج کل سنجیدگی سے وطن واپسی پر غور کر رہے ہیں کہ نام نہاد اسلامی لشکر کی سپہ سالاری کا عہدہ چھوڑ کر واپس پاکستان منتقل ہو جائیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستانی اخبار اوصاف نے لکھا ہے کہ راحیل شریف نام نہاد اتحادی فوج میں امریکہ کے غیر معمولی اثر و رسوخ سے خوش نہیں ہیں۔

یہ اتحاد اس سمت میں گامزن نہیں جو انہیں بتایا گیا تھا۔ اس کے علاوہ آہستہ آہستہ سعودی حکام ان کے کردار کو بھی محدود کر کے ان سے ایک سیکورٹی آفیسر کی طرح کام لے رہے ہیں جو کہ ایک سپاہ سالار کیلیے انتہائی شرمناک ہے۔

یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے سب سے معتبر اور باصلاحیت سابق سپہ سالار نہایت سنجیدگی سے استعفیٰ دے کر پاکستان واپس آنے پر غور کر رہے ہیں۔

راحیل شریف کے قریبی دوستوں کا بھی یہی مشورہ ہے کہ راحیل شریف پاکستان واپس آکر اپنے قوم کیلئے بہت اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس سے صحیح معنوں میں پاکستان اور امت مسلمہ کو بھر پور فائدہ ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اسلامی اتحاد کے نام پر امریکی عرب اتحاد پر ہونے والی کانفرنس میں پاکستان کے وزیر اعظم کو نہ تو تقریر کا موقع دیا گیا اور نا ہی پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 70 ہزار سے زائد قربانیوں کا ذکر کیا گیا اور مسئلہ کشمیر کو مسئلہ پاکستان اور مسلمان سمجھا ہی نہیں گیا۔

اس توہین آمیزہ رویے پر پاکستان کی عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جس کا اظہار پاکستانی عوام اور اینکر پرسنز نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی کیا ہے جس کے بعد جنرل راحیل شریف نے بھی اسلام کے نام پر بننے والے اس نام نہاد فوجی اتحاد کے دہشتگردانہ مقاصد کو درک کرلیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری