نواز شریف اور عمران خان ایک ہی کشتی کے سوار ہیں، دونوں کا انجام بھی یکساں ہو گا، خورشید شاہ


نواز شریف اور عمران خان ایک ہی کشتی کے سوار ہیں، دونوں کا انجام بھی یکساں ہو گا، خورشید شاہ

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ مقدمات کی رفتار بتا رہی ہے کہ دونوں ہی ایک ساتھ نا اہل ہو جائیں گے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کے دوران سید خورشید شاہ نے بتایا کہ نوازشریف اور عمران خان ایک ہی سکے کے 2 رخ ہیں اور حالات بتا رہے ہیں اور مقدمات کی رفتار سے بھی لگتا ہے کہ پہلے نوازشریف اور پھر عمران خان دونوں ایک ساتھ ہی نا اہل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور عمران خان کا آج کل جسم اور روح کا رشتہ ہے اور دونوں نہ صرف یہ کہ ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں بلکہ دعا گو بھی ہیں کہ کسی طرح ہم بچ جائیں۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید بتایا کہ پاناما کیس ابھی جاری ہی تھا کہ عمران خان کے بنی گالہ محل کے حوالے سے بھی آوازیں اٹھنے لگیں اور یوں لگا جیسے نواز شریف اور عمران خان ایک ہی کشتی کے سوار ہیں اور دونوں کا انجام بھی یکساں ہونے جا رہا ہے۔

قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ جے آئی ٹی نے اپنا کام شروع کردیا اور وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کو طلب کیا گیا اور منی ٹرائل کے حوالے سے پوچھ گچھ کی گئی تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ 30 مئی کو وہ اپنا کیا جواب جمع کراتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نوازشریف کے بیٹے حسین نواز نے جوڈیشل اکیڈمی میں اپنا بیان ریکارڈ کرادیا  بعد ازاں انہیں سوال نامہ دیا گیا اور 30 مئی کو دوبارہ طلب کیا گیا۔

ان مقدمات کی رفتار سے ایسا لگتا ہے کہ ملک کی سیاست میں کچھ نیا موڑ آئے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری