پاکستانیوں کے لئے امریکی ویزوں میں نمایاں کمی، بھارتیوں کے لئے واضح اضافہ


پاکستانیوں کے لئے امریکی ویزوں میں نمایاں کمی، بھارتیوں کے لئے واضح اضافہ

پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال مارچ اور اپریل میں پاکستانیوں کے لئے امریکی ویزوں میں 40 فیصد کمی جبکہ بھارتی شہریوں کے لیے جاری کیے جانے والے ویزوں کی تعداد میں 28 فی صد کا اضافہ ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی انتظامیہ کے تحت پاکستان کے لیے ویزوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

پاکستان پر سفری پابندی نہ ہونے کے باوجود پاکستانیوں کو اپریل میں 3925 اور مارچ میں 3973 نان امیگرنٹ ویزے جاری کیے جو براک اوباما کی انتظامیہ کے تحت مارچ اور اپریل میں دیئے جانے والے ویزوں کے مقابلے میں 40 فی صد تک کم ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے لیے مارچ اور اپریل میں جاری کیے جانے والے نان امیگرنٹ ویزوں کی تعداد میں پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 40 فی صد تک کمی ہوئی ہے۔

یہ کمی اس کے باوجود دیکھنے میں آئی ہے کہ پاکستان کا نام ان مسلم اکثریتی ملکوں کی فہرست میں شامل نہیں ہےجن کے شہریوں کی امریکہ میں داخلے پر صدر ٹرمپ کے ایکزیکٹو آرڈر میں عارضی پابندی لگائی گئی تھی۔

تاہم بعد میں امریکہ کی وفاقی عدالت نے اس حکم پر عمل درآمد معطل کر دیا تھا۔

پاکستان کے برعکس بھارتی شہریوں کے لیے جاری کیے جانے والے ویزوں کی تعداد میں پچھلے سال مارچ اور اپریل کے مقابلے میں 28 فی صد کا اضافہ ہوا ہے۔

ویزوں سے اجراکے متعلق ماہانہ بنیادوں پر امریکی حکومت نے اس سال مارچ سے اعداد و شمار جاری کرنے شروع کیے ہیں جب کہ اس سے پہلے انہیں سالانہ بنیاد پر جاری کیا جاتا تھا۔

ایک بھارتی جریدے کی رپورٹ میں امریکی محکمہ خارجہ کے جاری کردہ ڈیٹا کے حوالے سے ایک اور اخبار ہندوستان ٹائمز نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کو اپریل میں 3925 اور مارچ میں 3973 نان امیگرنٹ ویزے جاری کیے تھے جو براک اوباما کی انتظامیہ کے تحت مارچ اور اپریل میں دیئے جانےوالے ویزوں کے مقابلے میں 40 فی صد تک کم ہیں۔

اخبار نے لکھا ہے کہ پچھلے سال پاکستانیوں کو مجموعی طور پر 78637 نان امیگرنٹ ویزے جاری کیے گئے تھے جن کی ماہانہ اوسط 6553 بنتی ہے ۔

اس سے ایک سال قبل 2015 میں پاکستانیوں کو کل 74150 ویزے دیئے گئے تھے، جن کا ماہانہ اوسط 6179 بنتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے انٹرنیشنل نیوز کو بتایا کہ ویزوں کے اجرا میں مختلف عوامل اثر انداز ہوتے ہیں اس لیے سال کے مختلف مہینوں میں ویزوں کی تعداد مختلف ہوتی ہے۔

دوسری جانب بھارتی باشندوں کو اس سال اپریل میں 87049 نان امیگرنٹ ویزے ملے جب کہ مارچ میں یہ تعداد 97925 تھی۔ 

اگر اس کا موازنہ پچھلے سال کی ماہانہ اوسط سے کیا جائے تو یہ اضافہ 28 ٖفی صد ہے۔ بھارت کو پچھلے سال 864987 ویزے جاری ہوئے تھے جن کی ماہانہ اوسط 72082 بنتی ہے۔

یہاں ایک امر قابل غور ہے کہ پاکستان ہی وہ واحد ملک نہیں ہے جس کے شہریوں کے لیے امریکی ویزوں کی تعداد میں کمی دیکھی جا رہی ہے بلکہ رپورٹ کے مطابق اگرباقی ماندہ 50 مسلم اکثریتی ملکوں کے اعداد و شمار پر نظر ڈالی جائے تو اپریل کے مہینے میں پچھلے سال کی اوسط کے مقابلے میں ان کے ویزوں میں مجموعی طور پر 20 فی صد کمی ہوئی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مسلم اکثریتی ملکوں کے لیے امریکی ویزوں کی کمی کا سبب جانچ پڑتا ل کا مزید سخت نظام ہوسکتا ہے۔

یاد رہے ٹرمپ نے پاکستان سمیت دیگر جن مسلم ممالک پر سفری پابندی عائد نہیں کی تھی۔ ان کے شہریوں کو ویزا دینے سے قبل نہایت سخت جانچ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری