پاکستان بھر میں بجلی بریک ڈاون کا سلسلہ جاری، عوام سراپا احتجاج، وزیراعظم نے اجلاس بلا لیا!!


پاکستان بھر میں بجلی بریک ڈاون کا سلسلہ جاری، عوام سراپا احتجاج، وزیراعظم نے اجلاس بلا لیا!!

ماہ رمضان المبارک کا آغاز اور ملک بھر میں بجلی کی بتدریج لوڈ شیڈنگ جاری ہے، کراچی شہر میں مسلسل بڑے بریک ڈاون کے سبب شہری سراپا احتجاج ہیں۔ کیا وزیراعظم نواز شریف کا حسب معمول اجلاس عوام کو بجلی فراہم کرے گا؟

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق کراچی وہ شہر ہے جو ملک کا 80 فیصد ریونیو جنریٹ کرتا ہے جہاں رمضان المبارک مسلسل دوسرے روز بھی بجلی کا بڑا بریک ڈاون رہا۔      

تفصیلات کے مطابق کراچی میں دوسرے روزے بھی کئی علاقوں میں طویل لوڈ شیڈنگ رہی، شدید گرمی کی وجہ سے روزہ دار ہلکان ہوتے رہے اور بغیر بجلی کے ہی افطار کرنا پڑا۔    

ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن میں ٹرپنگ کے باعث شہر کے 35 فیصد حصے میں اب بھی بجلی غائب ہے، گلشن اقبال کے مختلف بلاکس، گلستان جوہر، جیل چورنگی، شریف آباد، عائشہ منزل اور بفر زون کے مختلف علاقے بجلی سے محروم جبکہ ملیر آر سی ڈی گرائونڈ اور ناتھا خان گوٹھ کے علاقہ مکینوں نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی، لیاری، دریاآباد، بہار کالونی، نوالین، سنگولین کے علاقوں میں تو ویسے بھی بجلی بند رہی جبکہ ڈیفنس فیز 8جیسے پوش علاقے میں بھی بجلی غائب رہی۔

واضح رہے خیبر پختونخواہ کے شہرمالا کنڈ کے علاقے درگئی کے بعد چارسدہ اور پشاور میں بھی لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے کئے گئے، مالاکنڈ کے علاقے درگئی میں عوام نے واپڈا آفس پر دھاوا بول دیا، تھانے کو بھی آگ لگا دی جس پر پولیس نے مظاہرین پر فائرنگ کی اور نتیجے میں ایک شخص ہلاک، 4زخمی ہوئے بجلی کی بندش کے خلاف چارسدہ کے علاقے تنگی روڈ اور پشاور کی رنگ روڈ پر بھی مظاہرے کئے گئے۔

دوسری جانب وزیر اعظم نے بجلی کی سنگین صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس آج پھر بلالیا۔

انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کا موجودہ شیڈول قبول نہیں۔ سحر و افطارمیں لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔ عوام کو واضح ریلیف ملنے تک چین سےنہیں بیٹھوں گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال ماہ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ اور بریک ڈاون کی یہی صورتحال تھی اور وزیر اعظم نے برہمی کا اظہار کرکے اجلاس بھی طلب کیا تھا جو بغیر کسی نتیجہ ختم ہو گیا تھا۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ہی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ سحر اور افطار کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی اور حکومت اپنے اس دعوے میں ناکام ہوگئی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری