سعودی عرب کی بےحسی؛ ماہ مبارک میں ہزاروں پاکستانی عمرے کی سعادت سے محروم


سعودی عرب کی بےحسی؛ ماہ مبارک میں ہزاروں پاکستانی عمرے کی سعادت سے محروم

سعودی سفارتخانے میں عمرہ ویزہ سٹیکرز کی شدید قلت بحران شدت اختیار کرگیا جس کے سبب رمضان المبارک میں ہزاروں پاکستانی عمرے کی سعادت سے محروم ہو گئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق سعودی عرب کی بےحسی کی وجہ سے نہ صرف ہزاروں پاکستانی ماہ رمضان میں عمرے جیسی عظیم سعادت سے محروم ہو گئے بلکہ زائرین ، ٹریول ایجنٹس اور ایئر لائنز کو کروڑوں روپے کے نقصان کا بھی سامنا ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے اس سال اعلان کیا گیا تھا کہ عمرہ ویزہ اوپن کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کا کوٹہ نہیں لگایا جائے گا لہذا یہ خوشخبری پا کر ہزاروں افراد نے مختلف ایئر لائنز سے اپنی بکنگ کروائی اور ٹکٹ خرید لئے۔

تاہم سعودی سفارت خانہ اسلام آباد اور کراچی سعودی قونصلیٹ میں ماہ شعبان کے آخر سے سعودی حکام نے روزانہ کی بنیاد پر پاسپورٹس کی وصولی میں کمی کررکھی ہے اور اس کی وجہ ویزہ اسٹیکرز کی کمی بتائی گئی ہے۔

اس کمی کے جلد پورا ہونے کے بعد معمول کے مطابق پاسپورٹس کی وصولی کی یقین دہانی کروائی گئی تاہم اب تقریباً دو ہفتے گزرنے کو ہیں مگر صورتحال بہتر ہونے کے بجائے مزید سنگین ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ رمضان المبارک میں عمرے کی سعادت کیلئے ہزاروں پاکستانی سال بھر پہلے جانے کی منصوبہ بندی کرتے ہیں اور اس سلسلے میں ایئر لائنز سے ٹکٹ بھی ایڈوانس خرید لیتے ہیں، مختلف ایئر لائنز رمضان المبارک کیلئے نان ریفنڈ ایبل ٹکٹ آفر کرتی ہیں جو کہ کم ریٹ کی وجہ سے خرید لئے جاتے ہیں۔

اب صورتحال یہ ہے کہ سعودی سفارتخانہ اسلام آباد اورکراچی قونصلیٹ نے عمرہ ویزا کی سٹمپنگ کیلئے ویزا سٹیکرز کی کمی کو بہانہ بنا کر پاسپورٹ وصولی کو انتہائی محدود کردیا ہے۔

اس وجہ سے عمرے کا خواب آنکھوں میں سجائے ہزاروں لوگوں کے کروڑوں روپے داو پر لگ گئے ہیں۔

پاکستانی عمرہ کمپنیوں اور عمرہ زائرین نے وزیراعظم اور وزارت خارجہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور فوری طورپر سعودی حکام سے رابطہ کرکے اس بحران کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کریں۔

دوسری جانب اس وقت سعودی حکام معمول کے مطابق روزانہ 8 ہزار سے 10 ہزار پاسپورٹس کے بجائے محض چند سو پاسپورٹس وصول کررہے ہیں، پیر کو اس سلسلے میں عمرہ کمپنیوں کے نمائندوں نے اسلام آباد میں سعودی عرب کے نائب سفیر سے رابطہ کیا تو انہوں نے اپنی بےبسی ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ اس حوالے سے سفارت خانہ ریاض میں سعودی وزارت خارجہ کو کئی بار آگاہ کرچکا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری