پاکستان کا ناقابل تسخیر بحری دفاع، مزید مضبوط

خبر کا کوڈ: 1425501 خدمت: پاکستان
پاک بحریہ

پاکستان نیوی نے برطانیہ سے ویسٹ لینڈ سی کنگ ملٹی رول کے سات ہیلی کاپٹرز حاصل کرلیے ہیں جس سے پاک بحریہ کا ناقابل تسخیر دفاع مزید مضبوط ہو گیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان نیوی نے برطانیہ سے ویسٹ لینڈ سی کنگ ملٹی رول کے سات ہیلی کاپٹرز حاصل کرلیے ہیں۔

ذرائع کا مطابق ان سات ہیلی کاپٹروں کا آرڈر 2016 میں دیا گیا تھا۔

ڈیفنس اور عسکری سرگرمیوں کے جریدے آئی ایچ ایس جینز ڈینفس ویکلی کا پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے حوالے سے کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹرز کے پلیٹ فارم سرکاری طورپر لندن میں ایک تقریب کے دوران حوالے کیے گئے تھے۔

ہیلی کاپٹرز کو پاکستانی بھیجنے سے قبل وکٹر ایروسپیس میں مینٹینینس کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ حوالگی رواں سال کے آخر تک ہوجائے گی۔

دفاعی جریدے کے مطابق تقریب کے دوران ہائی کمشنر نے پاکستان اور برطانوی فوج کے درمیان تاریخی تعلقات پرخوشی کا اظہار کیا۔

انھوں نے برطانوی کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آرمڈ فورسز کی تربیت اور دیگر ضروریات دونوں صورتوں میں بہتری کے لیے برطانوی فوج نے مدد کی ہے۔

مذکورہ تقریب میں برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنرسید ابن عباس اور برطانیہ کی وزارت دفاع سے کرسٹوفر باب رچرڈسن اور دیگر بھی شریک تھے۔

یاد رہے کہ پچھلے ہفتے ہی پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی میں چین کا تیار کردہ جہاز”دشت “ بحری بیڑے میں شامل ہوا ہے جس سے مملکت خداداد کے ناقابل تسخیر بحری دفاع کو مزید تقویت ملی ہے۔

    تازہ ترین خبریں