بڑے ایونٹ کا بڑا میچ؛ دنیا کی نظریں برمنگھم پر جم گئی، پاکستان اور بھارت مدمقابل


بڑے ایونٹ کا بڑا میچ؛ دنیا کی نظریں برمنگھم پر جم گئی، پاکستان اور بھارت مدمقابل

چیمپیئن ٹرافی کا سب سے بڑا مقابلہ آج پاک بھارت ٹاکرے کی شکل میں کچھ ہی دیر میں شروع ہوا چاہتا ہے جس کے لئے کروڑوں شائقین بے چینی سے منتظر ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان چیمپیئنز ٹرافی2017 کا اہم میچ آج کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق اڑھائی بجے شروع ہو گا۔

آئی سی سی چیمپیئن ٹرافی میں بھارت کے خلاف ٹاکرے کے لیے پاکستان کوکپتان سرفراز احمد، اظہرعلی، احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، شاداب خان، عماد وسیم، فہیم اشرف، وہاب ریاض، محمد عامر اور حسن علی کی خدمات حاصل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز برمنگھم میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا تھا کہ پوری امید ہے کہ قومی ٹیم فاتح ہوگی۔

اس موقع پر کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بھارت کا بیٹنگ آرڈر مضبوط ہے، ہماراپہلا ہدف بھارت کی ٹیم کو جلد آؤٹ کرنا ہوگا جبکہ بھارت کے خلاف جدید حکمت عملی کے ساتھ کھیلیں گے۔

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کہتے ہیں پاک بھارت میچ میں ٹیم کوئی بھی مضبوط ہو، چانس ففٹی ففٹی ہی ہوتا ہے۔

جبکہ بھارتی سابق کپتان سارو گنگولی کی رائے ہے کہ برمنگھم کی کنڈیشن دونوں ٹیموں کو سوٹ کرتی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اوربھارت کی ٹیموں کے مابین اب تک127 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے گئے۔ جن میں سے72 پاکستان نے جیتے،51میچ بھارت نے جیتے اور4میچ غیرفیصلہ کن رہے پاکستان کی کامیابی کاتناسب58.53فیصد ہے۔

آئی سی سی چیمپئن ٹرافی کے سابقہ مقابلوں میں بھی پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ہے جس نے کھیلے گئے3میں سے دو میچز جیتے ہیں۔

پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی مقابلوں میں 2004ء اور2009ء کے ایڈیشنزکے دوران روایتی حریف کو شکست دی تھی جبکہ 2013ء میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔

دوسری جانب برطانیہ میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد پاک بھارت ٹیموں کی سکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے اور کھلاڑیوں کے روٹ پر سکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور ٹیم مینجمنٹ کو قومی کھلاڑیوں کی مکمل سکیورٹی کی یقین دہانی کرادی گئی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری