دمشق: امریکی اتحاد کے حملوں سے ہونے والا نقصان داعش کے جنگی جرائم سے کم نہیں ہے


دمشق: امریکی اتحاد کے حملوں سے ہونے والا نقصان داعش کے جنگی جرائم سے کم نہیں ہے

شامی وزارت خارجہ نے داعش کے خلاف نام نہاد امریکی اتحاد کے رقہ میں ہونے والے حملوں پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کے نام خط لکھا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق شامی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری اور سلامتی کونسل کے سربراہ کے نام لکھے خط میں کہا ہے کہ داعش کے خلاف نام نہاد امریکی اتحاد کے حملوں میں رقہ میں ہونے والا جانی اور مالی نقصان دہشت گرد تنظیم داعش کے جنگی جرائم سے کم نہیں ہے۔

شامی وزارت خارجہ نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ رقہ میں عام شہریوں پر امریکی اتحاد کے حملوں کی سخت مذمت کرے۔

اس خط میں کہا گیا ہے کہ شام کے بے گناہ شہریوں پر مسلسل حملے، بین الاقوامی قوانین کا پاس و احترام اور انسانی حقوق کی رعایت اور اقوام متحدہ کے منشور کا لحاظ کرنے کے کھوکھلے دعوے کرنے والے اس امریکی اتحاد میں شامل ممالک کے قول و فعل میں زمین آسمان کا فرق ہونے کا واضح ثبوت ہیں۔

اس خط میں کہا گیا ہے کہ اس اتحاد کا مقصد شام کی طاقت و استقامت کو کم کرنا اور اس مسئلے کو طول دینا ہے۔ دہشت گردی کے مد مقابل شامی افواج کو کمزور کرنا اس مشکل کے سیاسی حل و فصل کی راہ میں مشکلات کھڑی کرنے کے مترادف ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ عام شہریوں پر اس اتحاد کے حملوں پر خاموشی اختیار کرنا کسی بھی صورت میں جائز نہیں ہے۔

یاد رہے کہ ہفتہ کے روز رقہ شہر میں امریکی اتحاد کے ہوائی حملوں میں 43 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

داعش کے خلاف بنے اس نام نہاد امریکی اتحاد نے اب تک اپنی کارروائی میں 484 شہریوں کے مارے جانے کا اعتراف کیا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری