خلیج تعاون کونسل میں خلفشار پر امریکہ کا رد عمل


امریکی وزارت خارجہ نے خلیج تعاون کونسل میں جاری خلفشار پر ایک بیان جاری کیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اتحاد کو برقرار رکھیں۔

امریکی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ خلیج تعاون کونسل کے تمام ارکان امریکہ کے لئے نہایت ضروری ہیں، امریکہ اس معاملے میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لئے آمادہ ہے، واشنگٹن کو امید ہے کہ یہ ممالک جلد از جلد ان مشکلات کا حل تلاش کریں گے۔

اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ ٹیلرسن نے اس موضوع پر کہا تھا کہ ہم خلیج تعاون کونسل کے ممالک کو باہمی گفتگو کے لئے آمادہ کریں گے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور بحرین نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام لگاتے ہوئے اپنے سفارتی تعلقات ختم کردئے ہیں اور اس ملک کیلئے اپنی زمینی اور فضائی حدود کو بھی ممنوع قرار دیا ہے۔

اس اقدام کے بعد ان ممالک کے درمیان جاری کشیدگی خطرناک صورتحال اختیار کر گئی ہے۔